21 اپریل سے 50 سے 59 سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا ہے، اسد عمر

17 اپريل 2021
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر — فائل فوٹو / ڈان نیوز
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر کا کہنا ہے کہ 21 اپریل سے 50 سے 59 سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے آغاز کیا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ 'آج این سی او سی کے اجلاس میں 50 سے 59 سال کے درمیان عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اس عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز 21 اپریل بروز بدھ سے ہوگا'۔

وفاقی وزیر نے ایک بار پھر عوام پر زور دیا کہ وہ خود کو ویکسی نیشن کے لیے رجسٹر کروائیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی اُمید کے مطابق رہی تو عید کے بعد تمام پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن کھول دیں گے۔

مزید پڑھیں: سپلائی اُمید کے مطابق رہی تو عید کے بعد تمام پاکستانیوں کیلئے ویکسینیشن کھول دیں گے، اسد عمر

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کے عمل کا جب آغاز کیا گیا تو سب سے پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز کو ترجیح دی گئی کیونکہ انہوں نے باقی کے 22 کروڑ عوام کی حفاظت کرنی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں 6 لاکھ 40 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کی رجسٹریشن کی گئی تھی جس کے بعد ہم نے عمر کے حساب سے آہستہ آہستہ ویکسی نیشن کے عمل کو کھولنا شروع کیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل دنیا بھر یہاں تک کہ پڑوسی ممالک کے مقابلے میں بھی کافی سست رہی کا شکار ہے۔

ملک میں ویکسی نیشن کے آغاز کو دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب تک 20 لاکھ افراد کو بھی ویکسین نہیں لگائی جاسکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں