ملک میں کووڈ-19 کے مزید 4 ہزار 487 کیسز، پنجاب میں سب سے زیادہ 107 اموات رپورٹ

27 اپريل 2021
مجموعی طور پر ملک میں کورونا وائرس کے 8 لاکھ 4 ہزار 939 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 ہزار 329 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ - فائل فوٹو:رائٹر
مجموعی طور پر ملک میں کورونا وائرس کے 8 لاکھ 4 ہزار 939 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 ہزار 329 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ - فائل فوٹو:رائٹر

ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جہاں تیزی سے پھیلتی جارہی ہے وہیں حکومت نے اس کی روک تھام کے لیے مختلف پابندیاں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے پاک فوج کو بھی تعینات کردیا ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 4 ہزار 487 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا 142 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے گزشتہ روز مجموعی طور پر 43 ہزار 981 ٹیسٹس کیے گئے جس میں نتائج مثبت آنے کی شرح 9.6 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 89 ہزار 219 تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس نے 8 لاکھ 4 ہزار 939 افراد کو متاثر کیا ہے جن میں سے 17 ہزار 329 زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 ہزار 770 مریض صحتیاب ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک 6 لاکھ 99 ہزار 816 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے۔

کیسز میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں کی بندش، کاروبار کے اوقات مختصر، دفاتر میں کم حاضری سمیت متعدد اقدامات کیے گئے ہیں اور صورتحال بہتر نہ ہونے پر لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 27 اپریل کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

پنجاب

کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گزشتہ مہینوں میں سب سے زیادہ 107 اموات رپورٹ کی گئیں جبکہ 2 ہزار 680 مزید نئے کیسز بھی سامنے آئے۔

پنجاب میں اب تک 2 لاکھ 93 ہزار 468 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 8 ہزار 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا وائرس کی حالیہ لہر میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور یہاں گزشتہ روز مزید 584 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 22 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 661 ہے جبکہ 3 ہزار 156 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں بھی کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 727 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 79 ہزار 272 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 605 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 354 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر 73 ہزار 804 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 670 ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 68 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریض دم توڑ گئے۔

یہاں مجموعی طور پر 16 ہزار 659 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جس میں سے 464 انتقال کر گئے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس نے مزید 60 افراد کو متاثر کیا اور مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یوں صوبے میں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہزار 803 اور اموات کی تعداد 232 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے اور گزشتہ روز 14 کیسز سامنے آئے، یہاں اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 272 ہے۔

گلگت بلتستان میں گزشتہ دو روز سے کسی مریض کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی اور یوں یہاں اموات کی تعداد 105 پر برقرار ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں