بشریٰ انصاری کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2021
سنبل شاہد میں 10 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
سنبل شاہد میں 10 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اب ان کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز ہے۔

اداکارہ بشریٰ انصاری نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں والدہ کی بیماری سے متعلق بتایا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں والدہ کے ساتھ سنبل شاہد کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد اور والدہ محمودہ بشیر دونوں بیمار ہیں'۔

مزید پڑھیں: بشریٰ انصاری کا کورونا سے متاثرہ بہن کے نام جذباتی پیغام

بشریٰ انصاری نے لکھا کہ 'انہیں اس حالت میں دیکھنا بہت مشکل اور تکلیف دہ ہے، اللہ رحم کرے'۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے 10 اپریل کو اپنی بہن اور اداکارہ سنبل شاہد میں کورونا کی تشخیص سے متعلق بتایا تھا۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد ان دنوں کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں'۔

انہوں نے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ وہ ان کی بہن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا تھا کہ 'چار چاند سلامت رہیں آمین'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثرہ اداکارہ سنبل شاہد کی حالت تشویشناک

بعدازاں اسما عباس نے 22 اپریل کو فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان کی حالت بگڑنے سے متعلق بتایا تھا۔

اسما عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'میری پیاری باجی وینٹی لیٹر پر ہیں، برائے مہربانی ان کی صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

اداکارہ اسما عباس نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں سنبل شاہد کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔

جس کے بعد بشریٰ انصاری نے کورونا سے متاثرہ اپنی بہن کے نام ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سنبل شاہد کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ 'میری پیاری بہن سنبل شاہد اٹھ جاؤ، ہم پریشان ہیں'۔

بشریٰ انصاری نے مزید لکھا کہ 'جلد ٹھیک ہوجاؤ، خدا کے لیے سنبل ٹھیک ہوجاؤ'۔

تبصرے (0) بند ہیں