• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

برآمدات کا شعبہ 12 مئی تک آپریشنل رہے گا

شائع May 7, 2021
وزارت تجارت نے بھی اعلان کیا ہے کہ برآمدی صنعتوں اور ان کے سپلائرز، بالواسطہ برآمد کنندگان  10-12 مئی کو آپریشنل رہیں گے۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
وزارت تجارت نے بھی اعلان کیا ہے کہ برآمدی صنعتوں اور ان کے سپلائرز، بالواسطہ برآمد کنندگان 10-12 مئی کو آپریشنل رہیں گے۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

کراچی: تجارت اور صنعت کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینکوں کو 10 اور 11 مئی کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزارت تجارت نے بھی اعلان کیا ہے کہ برآمدی صنعتوں اور ان کے سپلائرز، بالواسطہ برآمد کنندگان 10-12 مئی کو آپریشنل رہیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا تھا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بینک 10 سے 15 مئی تک بند رہیں گے۔

وزارت تجارت کے ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ عید کی طویل تعطیلات کے دوران کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں وضاحت کے لیے تاجر برادری کے نقطہ نظر کے بعد کیا گیا ہے جبکہ بندرگاہیں اور کسٹم بھی وقفے کی مدت کے دوران چلیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی برآمدات کے لیے مشکل وقت

تجارت اور صنعت سمیت کاروباری برادری نے طویل تعطیلات پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا جبکہ برآمد کنندگان اور دوا ساز صنعت نے تعطیلات کو معیشت کے لیے تباہ کن قرار دیا تھا۔

مارکیٹوں کے تاجر عید سے پہلے فروخت سے پیدا ہونے والی لیکوئیڈٹی پر سخت پریشان تھے کیونکہ انہیں بینک کے علاوہ گھروں میں یا کہیں اور نقدی رقم کو رکھنا پڑتا جو ان کے لیے خطرہ مول لینے کے برابر تھا۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا کہ 'عید الفطر سے پہلے توسیع شدہ تعطیلات کے دوران تجارت اور صنعت کے لیے بینکاری خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بینک غیر ملکی زرمبادلہ اور تجارتی سرگرمیوں میں کام کرنے والی اپنی تمام برانچز کا 50 فیصد 10 مئی (پیر) کو جبکہ 11 مئی (منگل) کو باقی کی برانچز صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھولیں۔

یہ بھی پڑھیں: خطے میں پاکستانی برآمدات میں 22 فیصد کمی

واضح رہے کہ تجارت اور صنعت میں خوف پایا جاتا ہے کہ کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جاسکتا ہے جس سے معیشت کو نقصان پہنچے گا کیونکہ اس کی وجہ سے ان کی عید سے متعلقہ مصنوعات فروخت نہیں ہوسکیں گی۔

سیلز ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں توسیع

اس کے علاوہ عید کی تعطیلات کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 74 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے سیکشن 43 کے تحت اپریل کے لیے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن کی ادائیگی اور جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔

ایف بی آر نے اپنے خط میں تمام چیف کمشنرز آئی آر کو مطلع کیا ہے کہ سیلز ٹیکس اور ایف ای ڈی کی ادائیگی کی تاریخ میں 18 مئی تک توسیع کردی گئی ہے جو پہلے 15 مئی مقرر کی گئی تھی۔

اسی طرح سیلز ٹیکس اور وفاقی ایکسائز جمع کرانے کی تاریخ میں 21 مئی تک توسیع کی گئی ہے جو پہلے 18 مئی مقرر کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024