دوسرا ٹیسٹ: اظہر،عابد علی کی سنچریاں، زمبابوے کے خلاف پاکستان کی پوزیشن مستحکم

اپ ڈیٹ 07 مئ 2021
اظہر علی نے کیرئیر کی 18 ویں سنچری بنائی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
اظہر علی نے کیرئیر کی 18 ویں سنچری بنائی—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے — فوٹو: پی سی بی
پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے — فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور اوپنر عابد علی کی شان دار سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں پر 268 رنز بنا لیے۔

ہرارے میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عمران بٹ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے میچ میں عمدہ بلے بازی کرنے والے عمران بٹ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 2 رنز بنا کر 12 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے اور دونوں کے درمیان 236 رنز کی شان دار شراکت قائم ہوئی۔

اظہر علی نے شان دار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے کیریئر کی 18 ویں سنچری مکمل کی۔

اوپنر عابد علی نے بھی اپنی بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 16 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔

دونوں بلے بازوں نے 236 رنز کی شان دار شراکت کے دوران اپنی سنچریاں مکمل کی، جس کے بعد زمبابوے کے مزاربانی نے 126 رنز پر کھیلنے والے اظہر علی کو آؤٹ کرکے پاکستان کو 248 کے مجموعے پر دوسرا نقصان پہنچایا۔

اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور بالترتیب 2 اور 5 رنز بنا کر مزاربانی کا شکار بنے۔

پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے ہیں۔

عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

قبل ازیں پاکستان کی طرف سے تابش خان اور زمبابوے کے لیوک جونگوے نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہرارے ٹیسٹ تین دن میں ختم، پاکستان اننگز اور 116 رنز سے کامیاب

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، حسن علی، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان۔

زمبابوے: برینڈن ٹیلر (کپتان)، کیون کاسوزا، تریسائی مساکڈزا، ریجِس چاکبوا، مِلٹن شُمبا، رائے کایا، ٹینڈائی چیسورو، لیوک جونگوے، ڈونلڈ ٹریپانو، بلیسنگ موزاربانی اور رچرڈ ناراوا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 116 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں