بھارت میں بحرانی صورتحال: انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے کورونا ریلیف فنڈ قائم کردیا

اپ ڈیٹ 07 مئ 2021
کرکٹر ویرات نے کورونا وائرس عطیات کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا—اسکرین شاٹ
کرکٹر ویرات نے کورونا وائرس عطیات کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا—اسکرین شاٹ

بھارت میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی سنگین بحرانی صورتحال کے باعث بولی وڈ شوبز شخصیات کی جانب سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

اب اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ضرورت مند افراد کو علاج کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک فنڈ قائم کیا ہے۔

کرکٹر ویرات نے کورونا وائرس عطیات کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا متاثرین کی مدد کیلئے اکشے کمار کا ایک کروڑ روپے کا عطیہ

انہوں نے کہا کہ 'کورونا وائرس کی وجہ سے ہمارا ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے، ہمارے نظام صحت کو چیلنجنگ صورتحال کا سامنا ہے، ہم ایک ساتھ مل کر بھارت کی مدد کرنے کی ضرورت ہے'۔

ویرات کوہلی نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما اس ضمن میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ 'میں نے اور انوشکا نے کووڈ-19 ریلیف کے لیے کیٹو پر ایک مہم کا آغاز کیا ہے اور ہم آپ کے تعاون کے مشکور ہوں گے'۔

پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ 'زندگیاں بچانے کے لیے کوئی رقم کم نہیں ہے، ہم جو ہوسکا کریں گے لیکن ہمیں آپ کی ضرورت ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں آپ سے اصرار کرتا ہوں کہ اس مہم کا حصہ بنیں، آئیں ہمارے ملک کو محفوظ اور مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا بحران: پاکستانیوں کی ہمدردی پر کنگنا رناوٹ کا اظہار مسرت

دوسری جانب انوشکا شرما نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بھارت کی بحرانی صورتحال پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کو تکلیف میں دیکھنا بہت تکلیف دہ ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں انوشکا شرما نے سالگرہ کی مبارکباد پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ان حالات میں اپنی سالگرہ نہیں منائیں گے۔

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ وہ اور ویرات کوہلی جلد ایک فنڈ کا آغاز کریں گے۔

تاہم ویرات اور انوشکا سے قبل دیگر اداکار بھی بھارت میں عطیات دے چکے ہیں، اکشے کمار نے گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کو ایک کروڑ بھارتی روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے 100 آکسیجن کنسنڑیٹرز کا انتظام کیا تھا جو براہ راست برطانیہ سے بھارت لائے گئے تھے۔

دوسری جانب اداکارہ سشمیتا سین نے بھی آکسیجن سلنڈرز کا بندوبست کیا تھا اور انہیں نئی دہلی تک پہنچانے کے لیے مدد طلب کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں