امیتابھ بچن کا کورونا فنڈ کے لیے 2 کروڑ روپے کا عطیہ

اپ ڈیٹ 10 مئ 2021
بگ بی نے دہلی حکومت کو 2 کروڑ روپے دیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بگ بی نے دہلی حکومت کو 2 کروڑ روپے دیے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ برس کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران بیٹے ابھیشک بچن، بہو ایشوریا رائے اور پوتی ارادھیا کے ساتھ وبا سے متاثر ہونے والے بولی وڈ بگ بی امیتابھ بچن نے کورونا ریلیف میں 2 کروڑ روپے عطیہ دے دیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق امیتابھ بچن کو بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران عطیات نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور حال ہی میں انہوں نے اپنے ایک بلاگ میں اس بات کا ذکر بھی کیا کہ کس طرح ان کے خاندان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اخبار کے مطابق بگ بی اگرچہ پہلے بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں اور انہوں نے مقروض کسانوں کا قرض اتارنے سمیت کورونا کی وبا کے دوران طبی رضاکاروں کے لیے حفاظتی لباس کے لیے بھی فنڈز فراہم کیے تھے۔

تاہم اب انہوں نے ملک میں وبا کی دوسری بدترین لہر سے نمٹنے کے لیے دارالحکومت نئی دہلی کی حکومت کو 2 کروڑ کا عطیہ دے دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ امیتابھ بچن نے واضح طور اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ انہوں نے کورونا ریلیف فنڈ میں کتنا عطیہ دیا تاہم معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے 2 کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔

علاوہ ازیں امیتابھ بچن عالمی کورونا ویکسین فنڈ کے ورچوئل میلے کا حصہ بھی رہے، جس میں امریکی صدر جوبائیڈن، برطانوی شہزادہ ہیری اور کئی معروف ہولی وڈ شخصیات نے آن لائن خطاب کیا اور لوگوں سے کورونا سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی کے لیے عطیات دینے کی اپیل کی۔

اسی حوالے سے خبر رساں ادارے اے پی نے بتایا کہ عالمی فلاحی تنظیم کے تعاون سے ہونے والے مذکورہ پروگرام میں 30 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر کے عطیات جمع کیے گئے اور اس پروگرام کی تقریب میں شریک ہونے والے تمام افراد نے ویکسین لگوا رکھی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دنیا میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد مذکورہ تقریب میں پہلی مرتبہ بہت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے تاہم تمام افراد وہ تھے، جنہوں نے کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوا رکھی تھی۔

لتا منگیشکر نے بھی 7 لاکھ روپے عطیہ کیے—فائل فوٹو: فیس بک
لتا منگیشکر نے بھی 7 لاکھ روپے عطیہ کیے—فائل فوٹو: فیس بک

مذکورہ پروگرام کو یکم مئی کو ریکارڈ کیا گیا تھا اور اسے 10 مئی کو امریکا کے مختلف چینلز پر نشر کیا گیا اور امیتابھ بچن نے بھی اسی پروگرام میں اپنی اور شہزادہ ہیری کی تقریر کی ویڈیو ٹوئٹ کی۔

امیتابھ بچن کے علاوہ معروف گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی کورونا ریلیف فنڈ میں 7 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق لتا منگیشکر نے ریاست مہاراشٹر کی حکومت کو کورونا سے تحفظ کے انتظامات کے لیے 7 لاکھ روپے کے عطیات دیے۔

علاوہ ازیں اداکار ریتیک روشن نے بھی 15 ہزار امریکی ڈالر یعنی بھارتی 12 لاکھ روپے تک کی رقم عطیہ کردی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار نے پوڈکاسٹ میزبان جے شری کی جانب سے بھارت کے لیے شروع کیے گئے ریلیف فنڈ میں پیسے جمع کرائے، جس میں دیگر شخصیات نے بھی فنڈز جمع کروائے ہیں اور مذکورہ فنڈز کو بھارت میں آکسیجن کی قلت اور ویکسین کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات پر خرچ کیا جائے گا۔

ریتیک روشن نے  بھی 12 لاکھ روپے تک عطیات دیے—فائل فوٹو: فیس بک
ریتیک روشن نے بھی 12 لاکھ روپے تک عطیات دیے—فائل فوٹو: فیس بک

دوسری جانب اداکارہ لارا دتا اور شیمال ولابھجی کی جانب سے شروع کی گئی (آئی بریتھ انڈیا) مہم میں بھی متعدد شوبز شخصیات نے فنڈز جمع کروادیے اور مذکورہ مہم کے ذریعے اب تک ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جمع کیے گئے۔

آئی بریتھ انڈیا فنڈز مہم کے سلسلے میں 9 مئی کو ایک ورچوئل میوزیکل تقریب بھی منعقد کی گئی تھی، جسے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیا گیا تھا اور اب تک مذکورہ فنڈ میں ایک ہزار سے زائد افراد نے عطیات جمع کروائے ہیں۔

مذکورہ فنڈ مہم کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات الگ الگ اور انفرادی طور پر کورونا کی جنگ سے نمٹنے کے لیے حکومت اور فلاحی اداروں کو عطیات فراہم کر رہے ہیں، گزشتہ ہفتے سلمان خان نے بھی فلم انڈسٹری کے 25 ہزار مزدوروں کو نقد رقم دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

سلمان خان کے علاوہ اکشے کمار نے بھی گزشتہ ہفتے کورونا سے نمٹنے کے لیے ایک کروڑ روپے کے عطیات دیے تھے، علاوہ ازیں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے بھی وبا سے نمٹنے کے لیے فنڈز مہم شروع کر رکھی ہے۔

آئی بریتھ انڈیا مہم کے تحت بھی ساڑھے تین کرور روپے کے فنڈز جمع کرلیے گئے—فوٹو:فیس بک
آئی بریتھ انڈیا مہم کے تحت بھی ساڑھے تین کرور روپے کے فنڈز جمع کرلیے گئے—فوٹو:فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں