اداکارہ مریم نفیس خاموشی سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں؟

اپ ڈیٹ 12 مئ 2021
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی—فوٹو: انسٹاگرام

’دیار دل'، 'عشق بے نام'، 'حیا کے دامن میں'، 'کبھی بینڈ، کبھی باجا'، 'یاریاں'، 'محبت نہ کریو'، 'جھوٹی' اور 'کچھ نہ کہو‘ جیسے ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے والی اداکارہ مریم نفیس خاموشی رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

مریم نفیس نے 11 مئی کو فلم ساز اور فوٹوگرافر امان احمد کے ساتھ عروسی لباس میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئی زندگی کی شروعات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔

تصاویر میں مریم نفیس کو گلابی جب کہ امان احمد کو سفید لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

متعدد تصاویر میں جہاں دونوں کو ایک ساتھ دعا مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، وہیں دونوں کو رومانوی انداز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے مریم نفیس نے کیپشن میں شادی، نکاح، منگنی یا نئی زندگی کی شروعات جیسے الفاظ کا استعمال کرنے کے بجائے 'دعائے خیر' کا لفظ استعمال کیا اور ساتھ ہی 27 رمضان المبارک کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

اداکارہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے میک اپ آرٹسٹ اور لباس تیار کرنے والی ڈیزائنر کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے فوٹوگرافر کو بھی مینشن کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ہوں، ’جسم فروش‘ نہیں، ہراساں کرنے والے کو مریم نفیس کا جواب

اداکارہ کی جانب سے اگرچہ واضح طور پر شادی، نکاح یا منگنی کے الفاظ استعمال نہیں کیے گئے لیکن ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

تصاویر شیئر کرنے کے بعد متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں نئی زندگی کی مبارک باد پیش کی جب کہ بعض مداحوں نے انہیں شادی کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

اداکارہ کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مختلف سوشل میڈیا پیجز نے بھی ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی کی مبارک باد پیش کیں، بعض سوشل میڈیا پیجز نے انہیں شادی کی مبارک باد پیش کی۔

مریم نفیس کی طرح ان کے جیون ساتھی امان احمد نے بھی نئی زندگی کی شروعات کی تصاویر شیئر کیں لیکن انہوں نے بھی واضح طور پر شادی، نکاح یا منگنی کے الفاظ استعمال نہیں کیے اور انہوں نے بھی 'دعائے خیر' کا لفظ استعمال کیا۔

امان احمد کی جانب سے تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد انہیں بھی متعدد شوبز شخصیات نے نئی زندگی کی مبارک باد پیش کی۔

دونوں کے علاوہ ان کا لباس تیار کرنے والے فیشن ڈیزائنر، میک اپ آرٹسٹ اور فوٹوگرافر کی جانب سے بھی ان کی تصاویر شیئر کی گئیں مگر کسی نے بھی ان کی تصاویر کے ساتھ واضح طور شادی، نکاح یا منگنی کے الفاظ استعمال نہیں کیے۔

تبصرے (0) بند ہیں