اداکاری کے بعد علیزے شاہ کی گلوکاری کے میدان میں انٹری

اپ ڈیٹ 16 مئ 2021
علیزے شاہ نے 'بدنامیاں' گانے کے ذریعے  گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
علیزے شاہ نے 'بدنامیاں' گانے کے ذریعے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی ڈراموں کی ابھرتی ہوئی اداکارہ و مادل علیزے شاہ نے اداکاری کے بعد گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا۔

علیزے شاہ نے 'بدنامیاں' گانے کے ذریعے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے جسے 15 مئی کو ریلیز کیا گیا۔

اداکارہ علیزے شاہ کے ساتھ اس گانے میں معروف گلوکار ساحر علی بگا نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

'بدنامیاں' کے بول عمران رضا نے لکھے ہیں جبکہ اس کی موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی ہے۔

علیزے شاہ نے کچھ روز قبل 'بدنامیاں' کا ٹیزر اور پوسٹر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ گلوکاری کرنے والی ہیں اور ان کا گانا 15 مئی کو ریلیز ہوگا۔

دوسری جانب ساحر علی بگا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گانے کے ٹیزر اور پوسٹرز کی تصاویر شیئر کیں۔

انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علیزے شاہ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ مداحوں کو گانے کی ریلیز سے متعلق بتارہی ہیں۔

'بدنامیاں' کو ساحر علی بگا کے آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ پر ریلیز کیا گیا ہے جسے 24 گھنٹے سے کم وقت میں 2 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

مداحوں کی جانب سے اداکارہ علیزے شاہ کے پہلے گانے کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گلوکاری سے قبل علیزے شاہ مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

علیزے شاہ نے ڈراما 'عشق تماشا' میں پلوشہ کا کردار ادا کیا تھا جسے بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں انہوں نے 'عہدِ وفا' اور 'میرا دل میرا دشمن' جیسے مقبول ڈراموں میں بھی اداکاری جبکہ حال ہی میں وہ رمضان میں نشر ہونے والے ڈرامے 'تانا بانا' میں بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں