نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ اتوار (آج) سے 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی کووڈ-19 ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے اور زور دیا کہ ‘خود کو ویکسین لگوائیں’۔

این سی او سی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن کی رجسٹریشن کے لیے 30 سال سے زائد عمر کے افراد اپنا شناخی کارڈ نمبر 1166 پر بھیجیں، اس میں مزید کہا گیا کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے موقع پر ویکسینیشن کا آغاز کردیا گیا ہے لیکن ان کے لیے پہلے سے رجسٹریشن کروانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے این سی او سی نے فیصلہ کیا تھا کہ 30 سے 40 سال کی عمر کے درمیان کے شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز عیدالفطر کے بعد کیا جائے گا لیکن ویکسینیشن لگانے کا کام اس وقت شروع کیا جائے گا جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد خود کو رجسٹر کروالے گی۔

مزید پڑھیں: 16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ

اس وقت وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا تھا کہ ویکسین کی مناسب مقدار کی موجودگی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ویکسینیشن کے عمل کو دیگر عمر کے بریکٹ کے افراد کے لیے بھی بڑھایا جائے۔

وزارت صحت کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا تھا کہ 30 سے 40 سال کی عمر کے بریکٹ میں موجود افراد کی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ اور 40 سے 50 سال کے درمیان عمر والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ ہے، اب تک 6 کروڑ 10 لاکھ افراد نے ویکسینیشن کے لیے خود کو رجسٹر کروایا ہے جبکہ 3 کروڑ 90 لاکھ افراد اپنی مرضی کے کسی بھی سینٹر میں موقع پر یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ اس کے علاوہ 18 سے 30 سال کی عمر کے شہریوں کی تعداد 4 کروڑ ہے اور این سی او سی ان کو بھی جلد سے جلد رجسٹر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ویکسینیشن مراکز عید کے تیسرے روز کھولنے کا اعلان

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان، چین سے مزید ویکسین حاصل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کررہا ہے اور اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان نے سینوویک ویکسین کی 10 لاکھ خوراک کی خریداری کے لیے 6 لاکھ ڈالر جاری کردیے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ 'رواں ماہ کے اختتام تک نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میں ویکسین کی تیاری کا کام بھی شروع ہوجائے گا لیکن ہم آئندہ ماہ کوویکس کے ذریعے مزید کروڑوں خوراکیں حاصل کرلیں گے'۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال

یاد رہے کہ 16 مئی کو پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور 6 ہزار کی سطح تک پہنچ جانے والے یومیہ کیسز 3 ہزار سے کم رہ گئے ہیں۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 379 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 76 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 15 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 30 ہزار 402 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 7.8 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 68 ہزار 819 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 77 ہزار 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 543 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 5 ہزار 288 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 88 ہزار 768 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں