عید کے لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال

اپ ڈیٹ 17 مئ 2021
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 232 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے—تصویر: ڈان اخبار
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 232 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے—تصویر: ڈان اخبار

اسلام آباد: ایک ہفتے سے زائد کے لاک ڈاؤن کے بعد پیر سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔

دوسری جانب سے چین سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی مزید 12 لاکھ خوراکین بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عوام پر زور دیا ہے کہ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ویکسین لگوائیں۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 232 افراد وائرس سے متاثر ہوئے اور 74 جاں بحق ہوئے جبکہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 68 ہزار 223 رہ گئی ہے۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کو 17 مئی سے بحال ہونا تھا لیکن اشیائے ضروریات فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ تمام مارکیٹس اور دکانیں رات 8 بجے بند ہوجائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب: عید کے موقع پر کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی، ماہرین کا صورت حال پر اظہارِ تشویش

اسی طرح سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی معمول کے اوقات کے تحت کام شروع ہوگیا ہے البتہ 50 فیصد افرادی قوت کے گھروں سے کام کرنے کی پابندی نافذ العمل رہے گی۔

اس کے علاوہ 19 مئی تک تمام انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی برقرار رہے گی تاہم کھانا خرید کر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

اس سے قبل این سی او سی نے اعلان کردہ تاریخ یعنی 17 مئی کے بجائے 16 مئی سے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب چین سے سائینوویک ویکسین کی 10 لاکھ جبکہ کین سینو کو کی ایک لاکھ 95 ہزار خوراکیں پاکستان پہنچیں۔

وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ویکسین حکومت نے خریدی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہمیں آئندہ آنے والے ہفتوں میں بھی بڑی تعداد میں ویکسین کی خوراکیں ملیں گی اور اُمید ہے کہ 30 جون سے قبل کوویکس کے ذریعے بھی لاکھوں خوراکیں آئیں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں فروخت ہونے والے بیشتر سینیٹائزر غیرمعیاری

کوویکس ایک عالمی اتحاد ہے جس نے پاکستان کی 20 فیصد آبادی کے لیے کورونا ویکسین دینے کا وعدہ کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام پر زور دیا کہ جتنی جلد ممکن کو خود کو ویکیسن لگوائیں۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'میں نے ویکسین کی دوسری خوراک آج لگوالی ہے، آپ بھی دوسری خوراک لگوانے میں تاخیر نہ کریں، پاکستانی عمومی طور پر دوسری خوراک لگوانے میں اچھے ہیں اور 80 فیصد سے زائد لگوا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاہم گزشتہ چند روز میں عید سے قبل دوسری خوارک لگوانے والوں کی تعداد میں کمی آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں