رواں برس 18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار عازمین حج ادا کرسکیں گے، سعودی حکام

اپ ڈیٹ 23 مئ 2021
گزشتہ برس سعودی عرب میں مقیم 10 ہزار عازمین ہی فریضہ حج ادا کرسکے تھے—فائل فوٹو: حرمین ٹوئٹر
گزشتہ برس سعودی عرب میں مقیم 10 ہزار عازمین ہی فریضہ حج ادا کرسکے تھے—فائل فوٹو: حرمین ٹوئٹر

سعودی عرب نے سال 2021 کے حج کے لیے کورونا وبا کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اور شرائط کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت 18 سال سے زائد عمر کے 60 ہزار ملکی اور غیر ملکی عازمین حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے 9 صفحات پر مشتمل دستاویز جاری کی گئی ہے جن میں حج کے حوالے سے مختلف شرائط کا ذکر کیا گیا جسے حرمین شریفین سے منسلک آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سلسلہ وار ٹوئٹس شیئر کیا گیا ہے۔

مذکورہ نکات کے مطابق عازمینِ حج کا صحت مند ہونا ضروری ہے اور انہیں حج کا سفر کرنے سے 6 ماہ قبل تک کسی بیماری کی وجہ سے ہسپتال میں داخل نہ ہونا پڑا ہو جبکہ اس بات کا ثبوت دینا بھی لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال عازمینِ حج کیلئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار

اس کے علاوہ عازمین حج کے لیے ویکسینز کی دنوں خوراکیں لگوانا اور بطور ثبوت اپنے ملک کی وزارت صحت یا حکام سے جاری کردہ ویکسینیشن کارڈ فراہم کرنا ضروری ہوگا۔

حج پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سعودی مملکت کی وزارت صحت کی جانب سے منظور کردہ ویکسین کی فہرست میں شامل ویکسین ہی لگوانا لازم ہے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت آنے والے مسافروں کے لیے صرف فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی منظوری دی ہے۔

ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ عازمین کو 2 خوراکوں والی ویکسین کی پہلی خوراک یکم شوال اور دوسری خوراک سعودی عرب پہنچنے سے 14 روز پہلے لگ چکی ہو۔

مزید پڑھیں: کووڈ-19: سعودی عرب کا سخت ہدایات کے تحت حج کے انعقاد کا اعلان

اس کے باجود غیر ملکی عازمین کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد 3 روز کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا جبکہ سماجی فاصلہ رکھنے، ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اپنانے کی شرط عازمین کے تحفظ کے لیے برقرار رہے گی۔

اس کے علاوہ عازمین کو جن باتوں کو مدِ نظر رکھنا ہوگا وہ مندرجہ ذیل ہیں:

  • عازمین کے لیے لازمی ہوگا کہ حج کے مقامات پر پہنچنے کے بعد ان کے پاس اپنی صحت کی صورتحال سے متعلق تمام ضروری دستاویزات بشمول ویکسینیشن کارڈز/سرٹیفکیٹس مکمل حالت میں موجود ہوں۔

  • اس کے علاوہ عازمین کو کووِڈ 19 سے متعلق احتیاطی اقدامات کے طور پر وژوئل اسکریننگ سے بھی گزرنا ہوگا۔

  • عازمین کو سوشل میڈیا، ٹور ایجنسیز اور ایس ایم ایس کے ذریعے معلومات فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

  • سفر کے لیے مختص مقامات کا انتظام کیا جائے گا جہاں ہر گروپ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اکھٹا ہونا ہوگا جبکہ ہر گروپ کے لیے ایک علیحدہ بس مختص کی جائے گی اور سفر کے دوران عازمین کو کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • ساتھ ہی تمام عازمین کے سفری بیگز کو جراثیم سے پاک بنایا جائے گا جبکہ گزشتہ برس کی طرح اس برس بھی عازمین کو جراثیم سے پاک کنکریاں رمی کے لیے دی جائیں گیں۔

  • مسجد الحرام کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق عازمین کو کھانے پینے کی اشیا مسجد میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہر فرد کے درمیان 2 میٹر کا فاصلہ رکھنے کے لیے اسٹیکرز چسپاں کیے جائیں گے۔

  • تاہم اگر کسی عازم کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہو یا وہ مشتبہ حالت میں پایا گیا تو اسے وزارت صحت کے ماہرین کے پاس بھجوادیا جائے گا۔

امید ہے کہ پاکستانی حاجیوں کو بھی کوٹا ملے گا، وزیر مذہبی امور

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت حج 2021 کیلئے 60 ہزار عازمین حج کی تعداد مقرر کر دی۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس 15 ہزار حجاج مقامی جبکہ 45 ہزار حجاج دنیا کے دیگر ممالک سے حج کی سعادت حاصل کریں گے اور اُمید ہے کہ 45 ہزار میں سے پاکستانی حجاج کو بھی کوٹہ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور

انہوں نے ہدایت کی کہ حج 2021 کے خواہشمند عازمین ہدایات کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں جس کے لیے مستند کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ اور پی سی آر کا نیگٹو ٹیسٹ لازمی ہو گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی حکومت نے گزشتہ برس حج کو محدود رکھا تھا اور اس میں صرف 10 ہزار عازمین ہی شریک ہوئے تھے جو مملکت میں مقیم تھے۔

رواں برس سعودی حکومت نے حج کے لیے ویکسینیشن کی شرط رکھنے کے ساتھ مخصوص ویکسینز کی منظوری دی ہے تاہم اس میں چینی ویکسینز شامل نہیں جو پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے لگوائی ہے۔

لہٰذا حکومت پاکستان نے سعودی حکومت سے درخواست کی ہے کہ عازمین حج کے لیے چینی ویکسینز کی بھی منظوری دی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں