اسرائیلی جارحیت کے خلاف حمایت پر فلسطینی سفیر کا پاکستان سے اظہارِ تشکر

اپ ڈیٹ 23 مئ 2021
احمد ربیعی کے مطابق پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ مل کر ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے—فائل فوٹو: فلسطینی سفارتخانہ
احمد ربیعی کے مطابق پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ مل کر ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے—فائل فوٹو: فلسطینی سفارتخانہ

فلسطین کے سفیر احمد ربیعی نے پاکستانی عوام، حکومت اور سیاسی قیادت کی جانب سے فلسطین کی حمایت اور اظہارِ یکجہتی پر پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

پاکستان کے نام جاری کیے گئے خصوصی تہنیتی مراسلے میں فلسطینی سفیر احمد ربیعی نے کہا کہ 'خود مختار اور آزاد ریاستِ فلسطین کے مقصد کی حمایت پر فلسطین کے عوام، جن میں مرد، عورتیں، بچے اور بزرگ سب شامل ہیں، کی جانب سے میں پاکستان کے برادر عوام، ملک کی عظیم فوج، تمام اعلیٰ قیادت صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ، تمام وزرا، ارکان پارلیمان، تمام جماعتوں کے قائدین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں'۔

انہوں نےکہا کہ 'میں فلسطین کی آزادی کی حمایت اور نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ظلم و جارحیت کی مذمت کرنے کی قابل ذکر کوششوں پر آپ کا دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں'۔

مزید پڑھیں : جنگ بندی کے بعد فلسطین میں عالمی امداد پہنچنے کا سلسلہ شروع

احمد ربیعی نے کہا کہ 'آپ نے مسئلہ فلسطین کے ٹھوس اور فوری حل کے لیے عالمی برادری پر زور دیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

فلسطین کے سفیر نے کہا کہ 'پاکستان نے اس بحث کو درست رخ پر لانے، اتفاق رائے پیدا کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے، یہ تاریخی کردار نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری دنیا یاد رکھے گی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کا دن جو 21 مئی کو منایا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی سے فلسطینی عوام پر اسرائیل کے منظم قبضے کی مذمت پر مبنی متفقہ قراردار کی منظوری کو بھی کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ میں پاکستان کی حکومت، پارلیمنٹ، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور مختلف جماعتوں کے ان وفود کا بھی مشکور ہوں جو سفارت خانے آئے اور اظہارِ یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آپ سب کے مشکور ہیں کہ ہمارے نہتے لوگوں پر اسرائیلی قابض افواج کے حملوں، غیرقانونی اسرائیلی آبادکاری اور فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مشکل کی گھڑی میں قیمتی وقت نکال کر آپ نے ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

احمد ربیعی نے کہا کہ اسرائیل کے یہ تمام اقدامات، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، یہ ایک انسانی بحران ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی پر میں پاکستان کے تمام لوگوں کا بے حد شکرگزار ہوں، آپ کے اتحاد کے پیغام نے مشکلات میں گھرے فلسطینیوں کے جذبے کو بڑھایا اور ان کے عزم کو ایک توانائی بخشی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم غزہ اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم

احمد ربیعی نے کہا کہ اگرچہ غزہ میں جنگ بند ہوگئی ہے لیکن آزادی کے حصول کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ مل کر ہم فلسطین کو آزاد کرائیں گے اور ہم سب فلسطین کے دارالحکومت القدس الشریف میں مسجد الاقصی میں نماز ادا کریں گے۔

ان کے بیان کے جواب میں دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کی کہ 'فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق کے حصول تک پاکستان فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا'۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان، جنگ بندی کے اعلان پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خیرمقدم کی حمایت کرتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں