'ویکسینیشن کیلئے 19 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی'

26 مئ 2021
اب تک ملک میں مجموعی طور پر ویکسین کی 53 لاکھ 58 ہزار 808 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
اب تک ملک میں مجموعی طور پر ویکسین کی 53 لاکھ 58 ہزار 808 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے آج ہونے والے اجلاس میں 19 سال سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے ویکسینیشن کی رجسٹریشن کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع ہوگا، اس طرح کووِڈ ویکسین کے لیے ماہرین صحت کی منظور کردہ پوری ملکی آبادی کے لیے رجسٹریشن کھل جائے گی۔

این سی او سی کی ویب سائٹ پر دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 2 لاکھ 8 ہزار 64 افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی اور اب تک مجموعی طور پر ویکسین کی 53 لاکھ 58 ہزار 808 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کووڈ-19 ویکسینیشن کیلئے 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز

ملک میں ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے یعنی مکمل ویکسینیٹڈ افراد کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار 429 ہوگئی ہے جس میں سے 47 ہزار 861 افراد کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں دوسری خوراک لگائی گئی۔

اسی طرح اب تک 28 لاکھ 57 ہزار 746 کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 60 ہزار 203 افراد کو گزشتہ 24 گھنٹوں میں پہلی خوراک لگی۔

پاکستان میں سب سے پہلے چین کی جانب سے تحفتاً بھجوائی گئی ویکسین لگانے کا آغاز ہوا تھا جس کے بعد حکومتِ پاکستان سے مزید ویکسینز خریدی گئی تھی۔

رواں ماہ کے اوائل میں قدرے تاخیر کے بعد ملک کو کوویکس سے 12 لاکھ 38 ہزار 400 افراد کے لیے ایسٹرازینیکا ویکسین موصول ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا ویکسین سے متعلق پوچھے جانے والے اکثر سوالات کے جواب

فروری میں ویکسینیشن کے آغاز میں سب سے پہلی ترجیح کورونا کے خلاف صف اول میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو دی گئی تھی۔

بعدازاں بتدریج 65 سال، 50 سال اور 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن بھی شروع کردی گئی تھی اور اب ملک میں 40 سال سے معمر افراد کے لیے واک انِ ویکسینیشن کی سہولت موجود ہے۔

رواں ماہ کی 16 تاریخ سے ملک میں ویکسینیشن کے لیے 30 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز ہوا تھا اور اب 27 مئی سے 19 سال تک کی عمر کے شہری بھی ویکسین لگوانے کے لیے اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔

این سی او سی کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق شہریوں کو اپنی رجسٹریشن کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 1166 پر ارسال کرنا ہے جس کے بعد انہیں ویکسینیشن کے مقام اور دن سے آگاہ کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کا فیصلہ

خیال رہے کہ ملک میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 9 لاکھ 8 ہزار 576 ہے جبکہ 20 ہزار 465 مریض اس وبا کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اس وقت ملک بھر میں کووڈ 19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 517 مریض زیر علاج ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 60 ہزار 268 ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں