بھارت: طوفان 'یاس' نے ہزاروں گھر تباہ کر دیے، کولکتہ ایئرپورٹ بند

اپ ڈیٹ 26 مئ 2021
طوفان 'یاس' کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں — فوٹو: اے پی
طوفان 'یاس' کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں — فوٹو: اے پی

مشرقی بھارت میں طاقتور سمندری طوفان 'یاس' نے مٹی کے بنے ہزاروں گھر تباہ کر دیے اور کولکتہ کا مصروف ترین ایئرپورٹ بند کرنے پر مجبور کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق سمندری طوفان سے ساحلی علاقوں میں شدید نقصان پہنچا اور یہ ایک ہفتے میں آنے والا دوسرا سمندری طوفان ہے۔

حکام نے کہا کہ طوفان 'یاس' کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو مجبوراً نقل مکانی کرنا پڑی۔

گزشتہ ہفتے طوفان 'تاؤتے' بھارت کے مغربی ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں لوگ ہلاک اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔

— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

حکام نے کہا کہ طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر گئے جبکہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر میں ریاست اڑیسہ میں بپھرتے سمندر، تیز ہواؤں اور بارشیں ہوتی دکھائی گئیں اور دکانیں اور گھر تباہ حال نظر آئے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ اڑیسہ اور پڑوسی ریاست مغربی بنگال سے 'بہت شدید طوفان' کے ٹکرانے کا امکان ہے جس کے کچھ اثرات بنگلہ دیش تک میں دکھائی دیں گے حالانکہ اسے طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں 10 روز کے دوران دوسرے سمندری طوفان کے باعث الرٹ جاری

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے صحافیوں کو بتایا کہ طوفان سے مٹی سے بنے تقریباً 20 ہزار گھر اور عاضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا۔

ایک اور ریاستی وزیر بَنکِم ہازرا نے کہا کہ 'میں نے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا'۔

خلیج بنگال کے جزیرہ ساگر کے نشیبی علاقوں اور سیاحتی قصبے ڈِگھا میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا، جہاں پولیس اسٹیشن کو شدید نقصان پہنچا۔

بَنکِم ہازرا نے کہا کہ 'مسلسل اونچی اٹھنے والی لہروں نے ساحلی پٹی کو تباہ کردیا، ہر جگہ ڈوبی ہوئی ہے اور دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے'۔

ریاست کے کولکتہ ایئرپورٹ کو بدھ کی شام تک پروازوں کے لیے بند کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ہر سال ان ماہ میں خلیج بنگال میں طوفان معمول کی بات ہے جو اکثر ساحل سے ٹکراتے ہیں جس سے بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: سمندری طوفان تاؤتے بھارت کے ساحل سے ٹکرا گیا

پولیس کا کہنا تھا کہ اس نے منگل کو اس نے اڑیسہ کے ضلع جگت سنگھ پور کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے بعد 10 افراد کو ریسکیو کیا۔

بھارت میں کورونا کی خوفناک لہر کے باعث طوفان کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اڑیسہ حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین اضلاع میں کورونا ٹیسٹنگ، ویکسی نیشن اور گھر گھر جاکر ہیلتھ سروے معطل کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں