پنجاب کے 34 اضلاع میں کل سے کالجز کھل جائیں گے

اپ ڈیٹ 30 مئ 2021
حکام 5 جون تک ہر عمر کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن یقینی بنائیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
حکام 5 جون تک ہر عمر کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن یقینی بنائیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) نے صوبے کے 34 اضلاع میں 31 مئی سے کالجز کھولنے کا اعلان کردیا۔

تاہم خانیوال اور رحیم یار خان میں کالجز بدستور بند رہیں گے، دیگر اضلاع میں کالجز پیر سے کورونا وائرس کے ایس او پیز کے ساتھ کھلیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ رحیم یار خان اور خانیوال کے سوا دیگر اضلاع میں کالجز طلبہ کی مرحلہ وار حاضری کی بنیاد پر کھلیں گے اور متعلقہ حکام اس سلسلے میں کووِڈ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 7 جون سے اسکول کھل جائیں گے، صوبائی وزیر تعلیم

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ حکام 5 جون تک ہر عمر کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔

دوسری جانب محکمہ اعلیٰ ثانوی تعلیم نے گزشتہ برس مختلف گریڈز کے 4 ہزار 200 اساتذہ کی تربیت کی جن میں سے 4 ہزار کو ترقی دی جاچکی ہے۔

کالج کے امور سے لے کر دیگر انتظامی امور تک اساتذہ کو کالج گورننس اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی تربیت دی گئی۔

امتحانات کا شیڈول

پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین (پی بی سی سی) نے صوبے میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے شیڈول برائے سال 2021 پر نظرِ ثانی کی۔

پی بی سی سی کا اجلاس بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے دفتر میں ہوا جس میں ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے سالانہ امتحانات کے شیڈول پر نظرِ ثانی کی گئی۔

مزید پڑھیں: وزارت تعلیم کا 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ

نظرِ ثانی شدہ شیڈول کے مطابق بارہویں جماعت کے امتحانات 26 جون سے شروع ہوں گے اور 14 روز میں مکمل ہوں گے۔

امتحانات منعقد ہونے کے 90 روز کے اندر نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔

دوسری جانب دسویں جماعت کے امتحانات 14 جولائی سے شروع ہوں گے اور یہ بھی 14 روز میں مکمل کرلیے جائیں گے اور نتائج کا اعلان 90 روز میں ہوگا۔

دوسری جانب گیارہویں جماعت کے امتحانات 10 اگست اور نویں جماعت کے 31 اگست سے شروع ہوں گے اور ان دونوں امتحانات کو بھی 14 روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔


یہ خبر 30 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں