دبئی میں 150 درہم کی ادائیگی کرکے لیمبورگینی میں آم منگوائیں

اپ ڈیٹ 01 جون 2021
اس موسمی لیمبورگینی سروس سے گزشتہ برس 1100 باکسز ڈیلیور کیے گئے تھے— فوٹو: فیس بک /پاکستان سپر مارکیٹ
اس موسمی لیمبورگینی سروس سے گزشتہ برس 1100 باکسز ڈیلیور کیے گئے تھے— فوٹو: فیس بک /پاکستان سپر مارکیٹ

پاکستانی آم دنیا بھر میں مقبول ہیں اور آموں کا سیزن شروع ہوتے ہی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہری پاکستان کی اس سوغات کی خریداری کے لیے مارکیٹوں کا رخ کررہے ہیں۔

تاہم اس دوران کچھ جگہوں پر گھر بیٹھے آم منگوانے کی منفرد اور پرکشش مہم بھی متعارف کروائی گئی ہے۔

دبئی میں واقع پاکستان سپر مارکیٹ کی جانب سے 'مینگوز اِن آ لیمبورگینی' (لیمبورگینی میں آم) کی مارکیٹنگ مہم شروع کی گئی ہے۔

اس مہم کے تحت صارفین اپنے پسندیدہ پھل آم کا آرڈر دے کر، کم از کم 3 ڈبے، لیمبورگینی کے ذریعے گھر میں ڈیلیور کراسکتے ہیں۔

ساتھ ہی 150 درہم کی ادائیگی کرکے آم وصول کرنے والے صارف کو لیمبورگینی میں مختصر دورانیے پر مشتمل سیر بھی کرائی جائے گی۔

مذکورہ مہم گزشتہ برس متعارف کروائی گئی تھی اور بے حد مقبول ہوئی تھی، اس مہم کی وجہ سے آم کی فروخت دگنی بھی ہوئی تھی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر مارکیٹ دبئی کے منیجنگ ڈائریکٹر جہانزیب یسین نے کہا تھا کہ وہ یکم جون سے دبئی میں 'مینگوز اِن لیمبورگینی' کی مہم لانچ کررہے ہیں اور ان کا مقصد محبت کا پیغام پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس موسمی لیمبورگینی سروس سے گزشتہ برس 1100 باکسز ڈیلیور کیے گئے تھے اور اس سال پہلے سے ہی انہیں بہت سی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

جہانزیب یسین نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ اس سیزن میں لیمبورگینی سروس سے ڈھائی ہزار سے زائد آم کے ڈبے ڈیلیور کیے جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد تجربہ تھا اور ہم اس لیمبو مہم سے بہت سے یادیں بنائیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

جہانزیب یسین نے کہا کہ اکثر بچوں کے لیے یہ پہلا موقع تھا کہ وہ لیمبورگینی میں بیٹھے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ پرتعیش گاڑی میں ڈیلیوری کے باوجود کوئی اضافی چارجز نہیں ہیں۔

جہانزیب یسین نے کہا کہ لاجسٹکس اور دیگر اخراجات میں اضافہ ہوا ہے لیکن ہم نے اس سال قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہماری سروس بھی مفت ہے۔

پاکستانی آموں کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عام دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں اور لنگڑا، سندھڑی، انور رٹول اور چونسا سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ مانگ چونسا کی ہے اور جیسا کہ سب جانتے ہیں آم کو پھلوں کو بادشاہ قرار دیا جاتا ہے اور چونسا کو آموں کو بادشاہ کہا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں