میشا شفیع نے یوگا میں گریجوئیشن کرلیا

گلوکارہ کے مطابق اب وہ سرٹیفائیڈ یوگا ٹیچر بن گئیں—فوٹو: میشا شفیع انسٹاگرام
گلوکارہ کے مطابق اب وہ سرٹیفائیڈ یوگا ٹیچر بن گئیں—فوٹو: میشا شفیع انسٹاگرام

گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے کئی ماہ تربیت لینے کے بعد یوگا میں گریجوئیشن کرکے سرٹیفائیڈ یوگا ٹیچر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

میشا شفیع نے انسٹاگرام پر یوگا گریجوئیشن مکمل کرکے ٹیچر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے متعلق پوسٹ کی اور بتایا کہ انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران سخت شیڈول اور مصروفیات کے باوجود 200 گھنٹوں تک تربیت حاصل کی۔

لمبی چوڑی پوسٹ کے ساتھ میشا شفیع نے یوگا گریجوئیشن مکمل کرنے کے بعد ملنے والے سرٹیفکیٹ اور میڈل کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے اساتذہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ 200 گھنٹوں کی تربیت لینے کے بعد اب وہ باضابطہ طور پر یوگا ٹیچر بن چکی ہیں اور انہیں مذکورہ اعزاز حاصل کرنے پر خوشی اور فخر ہے۔

میشا شفیع نے یوگا کی خصوصیات بتاتے ہوئے لکھا کہ جب سے وہ یوگا سے منسلک ہوئیں، تب سے انہوں نے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں محسوس کیں جب کہ کورونا کی وبا کے دوران یوگا سے منسلک رہنے پر بھی ان کی ذہنی، جسمانی و جذباتی صحت پر مثبت اثرات پڑے۔

میشا شفیع نے لکھا کہ ابتدائی طور پر یوگا کے حوالے سے 7 سال قبل انہیں ایک دوست نے بتایا تھا اور تب سے ان کا خواب تھا کہ وہ یوگا میں گریجوئیشن کریں اور بالآخر اب ان کا خواب پورا ہوگیا۔

یوگا گریجوئیشن مکمل کرنے پر جہاں انہوں نے اپنے اساتذہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا، وہیں انہوں نے شوہر اور بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ دینے پر ان کی تعریفیں بھی کیں۔

یوگا میں گریجوئیشن مکمل کرنے پر میشا شفیع کو کئی شخصیات اور مداحوں نے مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی امید کا اظہار کیا کہ اب وہ دوسروں کو یوگا کی تربیت دیتی دکھائی دیں گی۔

میشا شفیع یوگا کی تربیت کے دوران انسٹاگرام پر ورزش کے دوران کھچوائی گئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی تھیں، انہوں نے کینیڈا میں یوگا سیکھا۔

میشا شفیع گزشتہ کچھ عرصے سے کینیڈا میں مقیم ہیں اور وہیں پر ہی وہ یوگا سمیت میوزک سے وابستہ منصوبوں میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں