40 سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگانے پر عائد پابندی ختم

15 جون 2021
پاکستان میں سرکاری سطح پر لگائی جا رہی چینی ویکسین سعودی عرب میں قابل قبول نہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں سرکاری سطح پر لگائی جا رہی چینی ویکسین سعودی عرب میں قابل قبول نہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے 40 سال سے کم عمر افراد کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگانے پر عائد پابندی کو ختم کردیا ہے تاکہ سعودی عرب سمیت بیرون جانے کے خواہشمند افراد کی ویکسینیشن میں مدد کی جا سکے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان کا ترسیلات زر کے سلسلے میں سعودی عرب میں موجود تارکین وطن پر بہت زیادہ انحصار ہے اور پاکستان میں سرکاری سطح پر لگائی جا رہی ویکسین سعودی عرب میں قابل قبول نہیں۔

مزید پڑھیں: یو اے ای کا ایک مرتبہ پھر پاکستان سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی کا اعلان

پاکستان میں اب تک ویکسی نیشن مہم کے دوران چینی ویکسین سائنوفارم، کینسینو بائیو اور سائنوویک کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ایسٹرا زینیکا ویکسین صرف 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جا رہی تھی۔

تاہم اب سعودی عرب سمیت بیرون ملک جانے والوں کو درپیش مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ پابندی ختم کردی گئی ہے اور 40 سال سے کم عمر افراد بھی ایسٹرا زینیکا لگوا سکیں گے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل فیصل نے کہا کہ سعودی حکام نے چینی ویکسین کو منظوری نہیں دی ہے لہٰذا چینی ویکسین لگانے والوں کو قرنطینہ کرنے کی ضرورت ہے اور بہت سے لوگ اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

فیصل سلطان نے منگل کو جیو ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہم نے ایسٹرا زینیکا کے 40 سال سے کم عمر افراد پر استعمال کے حوالے سے عائد پابندی ختم کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متاثرہ افراد ویکسینیشن کرانے سے متعلق تذبذب کا شکار

سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے چار ویکسین کی منظوری دی ہے جن میں ایسٹرا زینیکا، فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔

پاکستان کو کوویکس کوٹے کے تحت ایسٹرا زینیکا کی 12 لاکھ خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت سفارتی ذرائع استعمال کررہی ہے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ آیا سعودی عرب مستقبل میں چینی ویکسین کی منظوری دے گا یا نہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 11 جون تک پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں سے 1.3 فیصد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ 3.8 فیصد لوگوں کو کم از کم ایک خوراک لگائی گئی ہے، ان میں سے زیادہ تر افراد کو سائنوفارم یا سائنوویک لگائی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں 50 فیصد اہل رہائشیوں کی ویکسینیشن کردی گئی

سعودی عرب پاکستان کی غیر ملکی ترسیلات زر کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور پاکستان اپنے تجارتی خسارے میں کمی کے لیے ان فنڈز پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔

رواں مالی سال میں پاکستان کو سعودی عرب سے 7 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں جو مجموعی ترسیلات زر کے ایک چوتھائی حصے سے زیادہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں