ہواوے سے الگ ہوجانے والے برانڈ آنر نے اپنے نئے فونز متعارف کرادیئے ہیں جو طویل عرصے بعد پہلی ڈیوائسز ہیں جن میں گوگل موبائل سروس سپورٹ موجود ہے۔

آنر 50 سیریز کے 3 فونز آنر 50، آنر 50 پرو اور آنر 50 ایس ای سب سے پہلے چین میں متعارف کرائے گئے ہیں اور جلد دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوں گے۔

ان تینوں میں 120 ہرٹز ڈسپلے اور 108 میگا پکسل مین کیمرا موجود ہے۔

آنر 50 اور 50 پرو

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

اس سیریز کا بہترین فون آنر 50 پرو ہے جس میں 6.72 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

اس فون میں فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جو 32 میگا پکسل مین جبکہ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل ہے۔

کمپنی کے مطابق اس میں ڈائنک ریفریش ریٹ ہے جو بیٹری لائف کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ ایچ ڈی آر سرٹیفائیڈ بھی ہے۔

آنر 50 پرو، فوٹو بشکریہ آنر
آنر 50 پرو، فوٹو بشکریہ آنر

اس کے مقابلے میں آنر 50 میں 6.57 انچ کا ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

اس فون کے فرنٹ پر سنگل کیمرا ہے جو 32 میگا پکسل کا ہے۔

آنر 50، فوٹو بشکریہ آنر
آنر 50، فوٹو بشکریہ آنر

یہ دونوں اولین فونز ہیں جن میں کوالکوم کا نیا اسنیپ ڈراگون 778 جی پراسیسر دیا گیا ہے۔

دونوں میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے تاہم مائیکرو کارڈ سلاٹ سپورٹ موجود نہیں۔

ان فونز میں اینڈرایڈ 11 کا امتزاج کمپنی کے اپنے میجک یو آئی 4.2 سے کیا گیا ہے اور چین سے باہر مارکیٹوں میں ان فونز میں گوگل موبائل سروسز موجود ہوں گی۔

آنر 50 پرو میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 100 واٹس وائرڈ چارجنگ اسپیڈ کے ساتھ ہے جبکہ آنر 50 میں 4300 ایم اے ایچ بیٹری 66 واٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

دونوں فونز کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ ایک جیسا ہی ہے، جو 2 بڑے سرکولر لینس میں چھپا ہوا ہے اور مجموعی طور پر 4 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

دونوں کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو شاٹ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ ڈیٹا کیمرے دیئے گئے ہیں۔

آنر کی جانب سے خاص وی لوگ موڈز کا عندیہ بھی دیا گیا ہے جس کی مدد سے فرنٹ اور بیک کیمروں سے بیک وقت ویڈیو بنائی جاسکتی ہے۔

یہ دونوں فونز 25 جون سے چین میں پری سیل میں دستیاب ہوں گے۔

آنر 50 کی قیمت 2699 یوآن (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 50 پرو کی قیمت 3699 یوآن (9 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔

آنر 50 ایس ای

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

اس فون میں 6.78 انچ کا فلیٹ ایل سی ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا جس میں پنچ ہول ڈیزائن میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہے۔

اس سیریز کے دیگر 2 فونز کے مقابلے میں اس میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 900 پراسیسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ آنر
فوٹو بشکریہ آنر

فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 66 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج میجک یو آئی 4.2 سے کیا گیا ہے۔

اس فون کا بیک کیمرا سیٹ اپ بھی دیگر فونز جیسا ہے بس 4 کی جگہ 3 کیمرے دیئے گئے ہیں۔

یعنی 108 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔

یہ فون 2 جولائی سے چین میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 2399 یوآن (58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں