تربت ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کا جوان شہید

18 جون 2021
تربت ایئرپورٹ کے قریب فوجی جوان شہید ہوگئے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
تربت ایئرپورٹ کے قریب فوجی جوان شہید ہوگئے—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے شہر تربت میں ایئرپورٹ کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی) کے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں نے جوانوں کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: دہشت گردوں کے دیسی ساختہ بم حملے میں ایف سی کے 4 اہلکار شہید

بیان میں کہا گیا کہ 'شرپسند عناصر کے بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں بہادر جوان نائیک عقیل عباس شہید ہوگئے، جن کا تعلق ضلع چکوال کے گاؤں مہرو پیلو سے تھا'۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'ایف سی کی جانب سے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'ریاست مخالف عناصر کی پشت پناہی سے شرپسند عناصر کے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات بلوچستان میں فورسز کے ہاتھوں بڑی محنت کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو سبوتاژ نہیں کر سکتے'۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 'سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے عزائم ہر قیمت پر خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں'۔

خیال رہے کہ 14 جون کو بھی کوئٹہ میں دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بم حملے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 4 جوانوں کو شہید کردیا تھا۔

اس واقعے کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ‘دہشت گردوں نے مارگیٹ مائنز کی سیکیورٹی پر مامور فرنٹیئر کور کے جوانوں کو مارگیٹ روڈ کوئٹہ میں دیسی ساختہ بم استعمال کرتے ہوئے نشانہ بنایا’۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایف سی کا جوان شہید

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ‘شہادت پانے والے جوانوں میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے گاوں وانڈا لنگار کیل سے تعلق رکھنے صوبیدار سردارعلی خان، پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے چک 272 ای بی کے رہائشی سپاہی مصدف حسین، ضلع ڈی آئی خان کے علاقے وانڈا ٹیلگی کے رہائشی سپاہی محمد انور، آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کے گاوں بندل سے تعلق رکھنے والے سپاہی اویس خان شامل ہیں’۔

یاد رہے کہ 11 جون کو بھی بلوچستان کے ضلع خاران میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران ایف سی کا ایک فوجی شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہلمرگ میں آپریشن کیا جس کے دوران بے گناہ شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کے خلاف تشدد/دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث 2 دہشتگرد ہلاک اور بھاری مقدار میں اسلحہ / گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے'۔

مزید بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کورپس بلوچستان کا ایک سپاہی، جس کی شناخت فدا الرحمٰن کے نام سے ہوئی ہے، شہید ہو گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: دہشتگردوں کے دو حملوں میں 4 ایف سی اہلکار شہید، 8 زخمی

رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان میں دو الگ الگ حملوں میں 4 فوجی شہید اور 8 زخمی ہوچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک واقعے میں کم از کم چار دہشت گرد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں پیر اسمٰعیل زیارت کے قریب ایک ایف سی چوکی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔

تبصرے (0) بند ہیں