پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے لیگ میچز کا مرحلہ مکمل ہوگیا اور اب کل (21 جون) سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہوگا جہاں سرفہرست چار ٹیموں کا مقابلہ ہوگا۔

پی ایس ایل 2021 کے لیگ میچز میں اولین چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کورونا کے باعث التوا کے بعد شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور سرفہرست ٹیم رہی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کے آخری راؤنڈ میچ میں سلطانز کو شکست، یونائیٹڈ کامیاب

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف میں جگہ بنانے کے باوجود آخری لیگ میچ میں بھی ملتان سلطانز کو شکست دے کر اپنے پوائنٹس میں اضافہ کردیا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم ملی جلی کارکردگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ پوائنٹس کے حساب دیگر ٹیموں کے برابر تھی تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر رہی۔

آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ دونوں ٹیموں پر جیت یا ہار کی صورت میں کوئی اثر نہیں پڑنا تھا کیونکہ دیگر ٹیموں کی کارکردگی ان کے برابر نہیں تھی۔

—فوٹو: پی سی بی
—فوٹو: پی سی بی

پی ایس ایل 2021 کے پہلے کوالیفائر میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیمیں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کل (21 جون) کو مقابلہ ہوگا اور جیتنے والی ٹیم براہ راست فائنل میں جگہ بنائے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود سابق چمپیئن پشاور زلمی اور دفاعی چمپیئن کراچی کنگز کے درمیان دوسرا پلے آف ہوگا۔

دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم کو 22 جون کو پہلے پلے آف کی شکست خوردہ ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا اور یہاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم 24 جون کو فائنل کھیلے گی۔

یاد رہے کہ ایونٹ کے 30 لیگ میچز میں سے 14 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیدیم میں کھیلے گئے تھے لیکن کووڈ-19 کے باعث 4 مارچ کو بقیہ میچز ملتوی کردیے گئے تھے۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی کے کرکٹ حکام سے رابطہ کیا اور ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز 9 جون سے کروانے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: دانش عزیز نے کراچی کنگز کو پلے آف میں پہنچادیا، قلندرز لیگ سے باہر

پی ایس ایل 6 کے باقی رہ جانے والے 16 لیگ میچز 9 سے 19 جون تک ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔

کراچی میں کھیلے گئے میچوں میں ملتان سلطانز کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان تھی تاہم ابوظہبی میں کھیلے گے میچوں میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 5 میں سے چار میچ جیت کر نہ صرف 10 پوائنٹس حاصل کیے بلکہ بہترین رن ریٹ بھی حاصل کی جس کے نتیجے میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر مل گیا۔

پہلے مرحلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں بدترین کارکردگی دکھائی اور مسلسل شکستوں کے بعد پلے آف میں بھی جگہ نہیں بنا سکی۔

پی ایس ایل 2021 میں مایوس کن کارکردگی 2019 کی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی رہی جو صرف 2 میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری پوزیشن پر رہ گئی اور آخری میچ میں بھی سرفراز کی ٹیم کو کراچی کنگز نے باآسانی شکست دے دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں