کترینہ کیف کی پہلی فلم پروڈیوس کرنے سے دیوالیہ ہوگئے تھے، جیکی شروف

اپ ڈیٹ 21 جون 2021
جب دیوالیہ ہوئے تھے تب بچے چھوٹے تھے، جیکی شروف—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جب دیوالیہ ہوئے تھے تب بچے چھوٹے تھے، جیکی شروف—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے سینئر اداکار 64 سالہ جے کرشن کاکو بھائی المعروف جیکی شروف نے پہلی مرتبہ اہلیہ کی جانب سے فلموں میں سرمایہ کاری کرنے اور فلموں کے فلاپ ہوجانے کی وجہ سے ’دیوالیہ‘ ہونے کا اعتراف کرلیا۔

جیکی شروف نے بطور اداکار 1980 میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے بولی وڈ کے مقبول اور بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔

جیکی شروف نے تقریبا 4 دہائیوں پر مبنی اپنے کیریئر میں 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اور انہوں نے درجنوں ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

اداکاری کے بعد جیکی شروف اور ان کی اہلیہ عائشہ شروف نے فلموں میں سرمایہ کاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور متعدد فلمیں بھی بنائیں۔

دونوں میاں بیوی نے 2003 میں میگا بجٹ کرائم تھرلر فلم ’بوم‘ بھی بنائی، جس میں امیتابھ بچن، گلشن گروور اور جاوید جعفری سمیت خود جیکی شروف نے بھی کام کیا۔

بوم کے فلاپ ہونے پر دیوالیہ ہوگئے تھے، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بوم کے فلاپ ہونے پر دیوالیہ ہوگئے تھے، اداکار—فائل فوٹو: انسٹاگرام

مذکورہ فلم کے ذریعے کترینہ کیف نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں فلم میں ایک ماڈل کا کردار دیا گیا تھا۔

کرائم تھرلر ایکشن فلم ’بوم‘ میں بھاری سرمایہ کرنے اور مذکورہ فلم کے بری طرح فلاپ ہوجانے کے بعد جیکی شروف ’دیوالیہ‘ ہوگئے تھے اور انہیں خاندان کی عزت بچانے کے لیے اپنا گھر تک بیچنا پڑا تھا۔

اگرچہ ماضی میں بھی جیکی شروف اور ان کے بیٹے اداکار ٹائیگر شروف مذکورہ معاملے پر بات کر چکے ہیں لیکن اب پہلی مرتبہ جیکی شروف نے کھل کر اعتراف کیا کہ ’بوم‘ کی ناکامی کے بعد وہ ’دیوالیہ‘ ہوگئے تھے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک شوبز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں جیکی شروف نے بتایا کہ انہیں ’بوم‘ کی ناکامی کے بعد خاندان کی عزت بچانے کے لیے گھر تک بیچنا پڑا تھا۔

جیکی شروف کا کہنا تھا کہ ’بوم‘ کی ناکامی ایک کاروبار کا ناکام ہونا تھا اور کاروبار میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، بدقسمتی سے اس مرتبہ ان کا کاروبار ناکام ہوا۔

اداکار نے بتایا کہ ’بوم‘ کے بری طرح فلاپ ہونے کی وجہ سے وہ تقریبا ’دیوالیہ‘ ہوگئے تھے اور انہوں نے خاندان کی عزت بچانے کے لیے اپنا سب کچھ بیچ کر قرض اتارا۔

ٹائیگر شروف نے گزشتہ برس کہا تھا کہ وہ والدین کی جانب سے بیچے گئے گھر کو خریدیں گے—فائل فوٹو: فیس بک
ٹائیگر شروف نے گزشتہ برس کہا تھا کہ وہ والدین کی جانب سے بیچے گئے گھر کو خریدیں گے—فائل فوٹو: فیس بک

جیکی شروف کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا ذاتی گھر بیچنے سمیت خود دگنی محنت سے اضافی کام کرکے فلم پر لگائے گئے پیسے کو اتارا۔

اداکار نے مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ان کے بیٹے ٹائیگر اور بیٹی کرشنا شروف بہت چھوٹے تھے، انہیں مسائل کا اندازہ نہیں تھا مگر اب وہ ساری باتیں جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘بھارت’ فلم میں جیکی شروف خود سے 9 سال کم عمر سلمان کے والد بنیں گے

جیکی شروف سے جب پوچھا گیا کہ ان کے بیٹے ٹائیگر شروف نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ وہ بیچے گئے گھر کو واپس خریدیں گے تو ان کا کیا رد عمل تھا؟

اس پر جیکی شروف نے بیٹے کی تعریف کی اور ساتھ ہی کہا کہ مگر اب وہ اور ان کی اہلیہ عائشہ شروف بیچے گئے گھر کو واپس خریدنا نہیں چاہتے مگر وہ بیٹے کو ایسا کرنے سے روک نہیں سکتے۔

اگرچہ جیکی شروف نے ’بوم‘ کی ناکامی پر اپنے دیوالیہ ہونے کا اعتراف کیا مگر انہوں نے فلم کی کاسٹ کے حوالے سے کچھ نہیں کہا اور نہ ہی فلم کی کہانی پر کوئی بات کی۔

جیکی شروف سے قبل گزشتہ برس ان کے بیٹے اداکار ٹائیگر شروف نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’بوم‘ کی ناکامی کی وجہ سے ان کے والدین نے گھر سمیت اس میں موجود تمام چیزیں بیج دی تھیں۔

ٹائیگر شروف نے کہا تھا کہ اس وقت وہ چھوٹے تھے مگر گھر کی چیزیں فروخت ہونے کے وقت میں ان کا بستر بھی بیچا گیا تھا، جس کے بعد وہ فرش پر سونے پر مجبور ہوئے۔

ٹائیگر شروف نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا تھا کہ وہ مذکورہ گھر کو دوبارہ خرید کر والدین کو تحفہ دیں گے لیکن تاحال انہوں نے پرانا گھر نہیں خریدا۔

اس وقت ٹائیگر شروف کا شمار بولی وڈ کے زیادہ کمائی کرنے والے اور ابھرتے اداکاروں میں ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں