پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن فیصل الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کووڈ-19 ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں پاکستان کو فراہم کرے گا۔

قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق قطر کے سفیر شیخ سعود نے ویکسین فراہمی کی بات قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو چین سے کووڈ ویکسین کی مزید ساڑھے 15 لاکھ خوراکیں موصول

قطر کے سفیر نے کووڈ-19 کی وبا سے 'کامیابی' سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی کو بھی سراہا۔

پاکستان کو ویکسین کی قلت کا سامنا رہا تاہم 20 جون کو سائنو ویک ویکسین کی 15 لاکھ سے زائد خوراکیں چین سے اسلام آباد پہنچی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ کھیپ چین سے خریداری کے لیے کیے گئے معاہدے کا حصہ تھی۔

پاکستان نے 21 جون کو فائزر سے ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت پاکستان کو امریکی ویکسین کی ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں موصول ہوں گی۔

اعلامیے کے مطابق فائزر-بائیواین ٹیک کی ایک کروڑ 30 لاکھ ویکسین خوراک فراہمی کے معاہدے پر دستخط فائزر پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کیے، جو 2021 کے دوران فراہم کردی جائیں گی۔

قطر کے سفیر نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون سے ایک دوسرے کو قریب لانے اور تجربات سے آگاہ کرنے کا موقع ملے گا۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قطر میں موجود پاکستانی ایک دوستانہ ماحول میں رہ رہے ہیں اور ترسیلات زر کی شکل میں پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے ان کا قیمتی حصہ شامل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسینیشن ڈیٹا میں غلطیوں کی شکایت

خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی فراہمی کی مدت کا تعین کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ چند دنوں میں مقامی اور ترسیل کے مسائل سمیت نظام پر پڑنے والے دباؤ پر قابو پالیا جائے گا۔

ڈاکٹر سلطان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ 20 سے 30 لاکھ کووڈ ویکسین کی خوراکیں 23 جون سے 30 کے دوران پاکستان پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ رواں ماہ کے اختتام تک پاک ویک (کین سائنو) کی سنگل ڈوز ویکسین کی 4 لاکھ خوراکیں بھی دستیاب ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں