• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm

شاہ رخ خان نے 30 سالہ کیریئر میں کامیابیوں اور ناکامیوں سے کیا سیکھا؟

شائع June 25, 2021
شاہ رخ خان نے تقریبا تمام بڑی ہیروئنز کے ساتھ کام کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شاہ رخ خان نے تقریبا تمام بڑی ہیروئنز کے ساتھ کام کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ’بادشاہ‘ 55 سالہ شاہ رخ خان نے شوبز انڈسٹری میں کام کے 30 سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 3 دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر سے کیا سیکھا۔

شاہ رخ خان نے اگرچہ ٹیلی وژن پر اداکاری کا آغاز فلمی اداکاری سے قبل ہی 1980 کے اختتامی سالوں میں کیا تھا لیکن ان کی پہلی فلم ’دیوانہ‘ 1992 میں ریلیز ہوئی تھی۔

خوش قسمتی سے پہلی ہی فلم کی کامیابی کے بعد انہیں ایک سے بڑھ کر ایک اچھی فلمیں ملیں اور انہوں نے پہلے ہی سال ’راجو بن گیا جنٹلمین، چمتکار اور مایا میم صاب‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ میں 23 سال، شاہ رخ نے ویڈیو جاری کردی

اگلا سال ان کے لیے مزید اچھا ثابت ہوا اور انہوں نے ’بازیگر اور ڈر‘ جیسی فلمیں کی، یوں انہوں نے ابتدائی چند سال میں سپر ہٹ فلمیں ’انجام، کرن ارجن، دلوالے دلہنیا لے جائیں گے، رام جانے، چاہت اور کوئلہ‘ جیسی فلمیں دیں۔

اگلی ہی دہائی میں شاہ رخ خان کا نام بولی وڈ کے بڑے اور میگا اسٹار میں ہونے لگا اور گزرتی عمر کے ساتھ انہوں نے بولی وڈ میں اپنا ایک نیا مقام بنایا۔

بولی وڈ میں منفرد مقام بنانے اور تین دہائیوں تک کامیاب فلموں سمیت ناکام فلمیں دینے پر مداحوں نے ٹوئٹر پر ان سے سوالات پوچھے، جن کے جواب دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے بتایا کہ ان کی 55 سالہ زندگی کے بہترین سال وہی ہیں جو انہوں نے بولی وڈ میں گزارے۔

شاہ رخ خان نے 25 جون کو ٹوئٹر پر بولی وڈ میں 30 سال مکمل ہونے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پیار اور عزت دینے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی 15 منٹ کے لیے مداحوں کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔

جب شاہ رخ خان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے 29 سال میں بولی وڈ سے سب سے متاثر کن بات کیا سیکھی؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے متاثر کن چیز تو نہیں سیکھی، البتہ انہیں یہ سچ معلوم ہوگیا کہ جو شخص اچھا کام کرنا نہیں جانتا دراصل وہ اچھے سے اچھا کام کرنا جانتا ہے۔

اسی طرح ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی کے سب سے بہترین سال وہی 30 سال ہیں جو انہوں نے بولی وڈ میں گزارے اور ابھی تک گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔

جب ان سے ان کی صحت سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اگرچہ وہ ٹھیک ہیں مگر ان کی صحت ساتھی اداکار جان ابراہم کی طرح نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فلم ساز راج کمار ہیرانی کو اپنے ساتھ کام کرنے کی درخواست کی مگر وہ ابھی سکون کر رہے ہیں۔

سال 2020 سے انہوں نے کیا سیکھا؟ کے جواب میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال کام کم کیا مگر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ انہوں نے زیادہ وقت گزارا۔

مداحوں کو شاہ رخ خان کی جانب سے دیے گئے جوابات میں سے ان کا سب سے بہتر جواب تامل اداکار و گلوکار وجے سے متعلق لگا، جس میں انہوں نے اداکار کی تعریف کی۔

ایک مداح نے تامل اداکار وجے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بولی وڈ بادشاہ سے پوچھا کہ وہ ان کے لیے کیا ایک لفظ بولنا چاہیں گے؟ جس پر شاہ رخ خان انگریزی کا لفظ ’کول‘ لکھا۔

شاہ رخ خان کے مذکورہ جواب کی ٹوئٹ کو چند ہی گھنٹوں میں 10 ہزار سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ کیا گیا جب کہ 30 ہزار سے زائد لوگوں نے اسے پسند کیا اور درجنوں لوگوں نے اس پرکمنٹس کیے۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024