کووڈ-19 ایس او پیز کی خلاف ورزی پر برطانوی وزیر صحت مستعفی

اپ ڈیٹ 27 جون 2021
میٹ ہین کاک کی دفتر کی ساتھی کا بوسہ لیتے ہوئے تصاویر اخبارات میں شائع ہوئی تھیں— فوٹو: اے ایف پی
میٹ ہین کاک کی دفتر کی ساتھی کا بوسہ لیتے ہوئے تصاویر اخبارات میں شائع ہوئی تھیں— فوٹو: اے ایف پی

لندن: کووڈ-19 کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہین کاک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق وزیر صحت کا اپنے دفتر کی ساتھی کے ساتھ افیئر چل رہا تھا اور اس دوران انہوں نے ان کا بوسہ لے کر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔

مزید پڑھیں: برطانیہ میں 12 سے 15 برس کے بچوں کو فائزر ویکسین لگانے کی اجازت

42 سالہ میٹ ہین کاک نے اپنے محکمے میں ایک خاتون کو ٹیکس کے امور کی جانچ کے کام پر مامور کیا تھا اور گزشتہ دنوں ان کی اخبار میں مذکورہ خاتون کو گلا لگاتے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تصاویر شائع ہوئی تھیں۔

ہین کاک اس وبائی مرض کے خلاف حکومت کی لڑائی میں عوام کی توجہ کا مرکز رہے ہیں کیونکہ وہ یومیہ کی بنیاد پر ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر آ کر لوگوں کو وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں سخت ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید کرتے تھے۔

انہوں نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو خلط لکھ کر اپنا استعفیٰ پیش کیا جس میں کہا گیا کہ ہم ان لوگوں کے مقروض ہیں جنہوں نے اس وبائی مرض میں اتنی قربانی دی ہے اور میں نے ہدایات کی خلاف ورزی کرکے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

وزیراعظم نے جواب میں کہا کہ انہیں استعفیٰ موصول ہونے پر افسوس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ مہلک، متعدی ہے، برطانوی وزیراعظم

انہوں نے لکھا کہ آپ کو اپنی خدمات پر بے حد فخر کرنا چاہیے، میں آپ کے تعاون کا شکر گزار ہوں اور مجھے یقین ہے کہ عوامی خدمت میں آپ کا تعاون ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ دی سن کی جانب سے گزشتہ ماہ شائع کی گئی تصویر میں وزیر صحت کو اپنے دفتر کی ساتھی کا بوسہ لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور یہ تصویر ایک ایسے موقع پر شائع ہوئی تھی جب لوگوں کو اپنے گھر سے باہر کسی دوسرے فرد سے قریبی رابطہ رکھنے پر پابندی عائد تھی۔

ہین کاک نے جمعہ کو معافی نامہ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں قبول کرتا ہوں کہ میں نے ان حالات میں سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کی ہے، میں نے لوگوں کو مایوس کیا ہے اور میں بہت معذرت خواہ ہوں۔

لیکن وزیر صحت کی سرورق پر نمایاں تصاویر شائع کرنے والے برطانیہ کے معروف اخبارات نے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹ ہین کاک عہدہ رکھنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں