شادی میں کوئی دلچسپی نہیں، ابھی بہت کام کرنا ہے، علیزے شاہ

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2021
اداکارہ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’بدنامیاں‘ اداکارہ علیزے شاہ کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی شادی کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، انہیں ابھی اپنے کیریئر بنانے کے لیے بہت کام کرنا ہے۔

علیزے شاہ نے اداکار علی سفینا کے ساتھ ہم اسٹائل ایوارڈز کی ریہرسل کے دوران مختصر بات کرتے ہوئے نہ صرف شادی بلکہ اپنے متعلق پھیلنے والی افواہوں اور اپنے کیریئر پر بھی بات کی۔

مذکورہ ویڈیو کو ہم اسٹائل ایوارڈز کے انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا، جس میں علیزہ شاہ کو ریہرسل کے لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں علی سفینا نے اداکارہ سے ان سے متعلق پھیلنے والی افواہوں پر سوالات کرتے ہوئے ان سے شادی سے متعلق بھی پوچھا اور ساتھ ہی اداکارہ نے دلچسپ جواب بھی دیا۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ بعض اوقات ساتھی اداکاروں کے ایک دوسرے سے کیمسٹری نہیں مل پاتی، اس وجہ سے ایسا سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس اور علیزے شاہ کی شادی کی افواہیں

اداکارہ نے بتایا کہ شوٹنگ سیٹ گھر کی طرح ہوتا ہے اور وہاں موجود تمام افراد اہل خانہ کی طرح ہوتے ہیں اور جس طرح گھر میں کبھی والدہ یا والد سے بات نہیں بن پا رہی ہوتی، اسی طرح شوٹنگ سیٹ پر بھی بعض لوگوں سے بات نہیں بن پاتی۔

اداکارہ نے خود کو پاکستان کی بلی آئلش قرار دیے جانے پر مسکراتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے اور انہیں بلی آئلش بننے کا کوئی شوق نہیں البتہ وہ امریکی پاپ گلوکارہ کو بہت پسند کرتی ہیں اور انہوں نے ان کے تمام گانے سن رکھے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل علیزے شاہ اور عمران عباس کی شادی کی افواہیں بھی پھیلی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
کچھ عرصہ قبل علیزے شاہ اور عمران عباس کی شادی کی افواہیں بھی پھیلی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اپنے بالوں کو چھوٹا کروانے کے سوال پر علیزے شاہ نے بتایا کہ ان کے بال ان کی طاقت ہیں اور وہ ہر طرح کے بالوں کو ساتھ خود کو طاقتور محسوس کرتی ہیں۔

علیزہ شاہ نے اداکار عمران عباس سے شادی کی افواہوں پر ہنستے ہوئے بتایا کہ ان کی ان سے شادی نہیں ہوئی اور نہ جانے کس نے ان سے متعلق افواہیں پھیلائی ہیں۔

علی سفینا نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہیں ماضی میں 50 ہزار تولے سونے کے عوض شادی کی پیش کش ہوئی تھی؟ جس پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے میزبان سے پوچھا کہ انہیں یہ باتیں کہاں سے معلوم ہوئیں؟

بعد ازاں اداکارہ نے جواب دیا کہ اگرچہ انہیں بھی مذکورہ پیش کش سے متعلق مکمل طور پر علم نہیں مگر انہوں نے بھی سنا تھا کہ انہیں شادی کے لیے سونے کی پیش کش کی گئی تھی۔

اداکارہ سے جب میزبان نے پوچھا کہ اتنی اچھی پیش کش کیے جانے پر انہوں نے مذکورہ معاملے کی تفتیش کیوں نہیں کی؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ کیوں کہ انہیں ابھی شادی کرنے کی خواہش نہیں اور وہ کیریئر کو بہتر بنانے کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہی علیزے شاہ نے اداکاری کے بعد گلوکاری کا آغاز کرتے ہوئے ساحر علی بگا کے ساتھ ’بدنامیاں‘ گانا جاری کیا تھا، جس میں ان کے بولڈ لباس کی وجہ سے ان پر تنقید بھی کی گئی تھی۔

علیزے شاہ نے کم عمری میں 2016 میں ڈرامے ’چھوٹی سی زندگی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب ڈراموں میں جب کہ ایک فلم ’سپر اسٹار‘ میں بھی کام کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں