'جنوبی بلوچستان پیکیج' سے خطے کی 70 سالہ محرومیاں دور ہوں گی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2021
عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ خطے میں تقریباً 80 اسکیمیں زیر تکمیل کے مراحل میں ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ خطے میں تقریباً 80 اسکیمیں زیر تکمیل کے مراحل میں ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کی ہدایت پر 600 ارب روپے سے زائد پر مشتمل ’جنوبی بلوچستان پیکیج‘ تشکیل دیا ہے جو خطے کی محرومیوں اور دیگر مسائل کو دور کرے گا۔

ہوشاب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اس پیکیج کے شراکت دار ہیں اور جو سڑکیں تعمیر ہورہی ہیں یہ بھی اسی پیکیج کا حصہ ہیں۔

مزیدپڑھیں: گوادر پورٹ مکمل فعال ہے، عاصم سلیم باجوہ

انہوں نے کہا کہ اگر ہم جائزہ لیں تو بلوچستان میں کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر اسکیم شروع ہوتی ہیں لیکن نامکمل رہتی ہے اس لیے اس منصوبے کے تحت ترجیح دی گئی کہ سب سے پہلے نامکمل اور زیر تکیمل مرحلے میں موجود تمام اسکیمز کو مکمل کیا جائے۔

عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ خطے میں تقریباً 80 اسکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ اس پیکیج میں تقریباً 200 اسکیمیں ہیں جس کے بعد ہوشاب اور دیگر اضلاع میں پانی، بجلی، مواصلات کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ اس پیکیج میں سڑکوں کا وسیع نیٹ ورک بھی شامل ہے جو بلوچستان کی 70 سال کی محرومیوں کا ازالہ کرے گا، اس مقصد کی تکمیل کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں قابل ستائش اور لائق تحسین ہیں۔

مزید پڑھیں: سی پیک قومی ترقی کا منصوبہ ہے، کوئی طاقت اسے روک نہیں سکتی، عاصم باجوہ

ان کا کہنا تھا کہ اس پیکیج کا 39 فیصد کمیونیکشن انفرا اسٹرکچر پر مشتمل ہے، اس میں تربت ایئرپورٹ کی توسیع کا بھی منصوبہ ہے جبکہ چین کی جانب سے ملنے والی 23 کروڑ ڈالر پر مشتمل گرانڈ سے گوادر ایئرپورٹ تعمیر ہورہا ہے۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق نیشنل گریڈ کے ساتھ جنوبی بلوچستان کو منسلک کیا جائے گا جس میں ٹرانسمیشن لائنز بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں 300 میگا واٹ کا پاور پراجیکٹ ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے، علاوہ ازیں پانی کے منصوبوں پر بھی ترقیاتی منصوبے زیر تکیمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کے تحت تمام اقتصادی زونز پر کام جاری ہے، عاصم سلیم باجوہ

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کے 9 اضلاع میں 31 ڈیمز ہیں جن میں 15 پہلے سے تکیمل کے مرحلے میں تھے جبکہ 16 نئے ڈیمز شروع کیے گئے ہیں اور انہی ڈیمز کی وجہ سے زراعت کے شعبے کو بھی ترقی ملے گی۔

علاوہ ازیں چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر منصوبہ بندی پیر کو گوادر کا دورہ کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں