کیا عامر خان کی طلاق کا سبب فاطمہ ثنا شیخ ہیں؟

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2021
عامر خان اور فاطمہ ثنا شیخ اب تک دو فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عامر خان اور فاطمہ ثنا شیخ اب تک دو فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کی جانب سے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد جہاں ان کے مداح پریشان دکھائی دے رہے ہیں، وہیں ان کی طلاق کے بعد چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئیں۔

عامر خان اور کرن راؤ کی جانب سے تصدیق کیے جانے کے بعد بھارت سمیت پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ رہا اور لوگوں نے عامر خان کے حوالے سے کئی انکشافات بھی کیے۔

بھارتی ویب سائٹ ’فری پریس جرنل‘ کے مطابق عامر خان کی طلاق کے بعد ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ رہا اور لوگ اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ کو ان کی طلاق کے معاملے میں لے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار عامر خان اور اہلیہ کرن راؤ کے درمیان طلاق ہوگئی

کئی لوگوں نے ٹوئٹس کیں کہ عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کی ممکنہ وجہ فاطمہ ثنا شیخ ہیں، جن سے مسٹر پرفیکشنسٹ کے تعلقات کی خبریں کچھ سال سے زیر گردش تھیں۔

کئی لوگوں نے اپنی ٹوئٹس میں دعویٰ کیا کہ عامر خان نے کرن راؤ کو فاطمہ ثنا شیخ کے چکر میں ہی طلاق دی ہے، ساتھ ہی کچھ افراد نے ان کے لیے لکھا کہ مسٹر پرفیکشنسٹ کا صرف قد چھوٹا ہے، باقی ان کے کام بڑے ہیں۔

کچھ افراد نے عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کے بعد مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ فاطمہ ثنا شیخ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں ایڈوانس مبارک باد بھی پیش کی۔

بعض ٹوئٹس میں تو یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ یہ تو 2016 کی فلم ’دنگل‘ سے ہی خدشہ تھا کہ عامر خان کا اگلا ہدف اداکارہ فاطمہ ثنا ہوں گی۔

سوشل میڈیا پر عامر خان کی طلاق کے معاملے میں اپنا نام گھسیٹے جانے پر تاحال فاطمہ ثنا شیخ نے کوئی رد عمل نہیں دیا اور اب تک مسٹر پرفیکسنسٹ کی طلاق کا سبب بھی معلوم نہیں ہوسکا۔

ابتدائی طور پر فاطمہ ثنا شیخ اور عامر خان کے درمیان 2017 میں تعلقات کی چہ مگوئیاں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب دونوں نے میگا بجٹ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

’ٹھگس آف ہندوستان‘ سے قبل 2016 میں دونوں نے ’دنگل‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا تھا، جس میں فاطمہ ثنا شیخ نے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ کی بیٹی کا کردار ادا کیا تھا۔

دونوں کی جانب سے ’دنگل‘ میں ایک ساتھ کام کیے جانے کے بعد 2017 میں افواہیں آنا شروع ہوئیں کہ 29 سالہ فاطمہ ثنا شیخ کے خود سے 27 سال زائد العمر عامر خان سے تعلقات استوار ہوگئے ہیں۔

اور ان تعلقات میں اس وقت مضبوطی کی خبریں سامنے آئیں جب کہ دونوں نے ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں کام کیا۔

فاطمہ ثنا شیخ اور عامر خان کے درمیان تعلقات کی خبریں آنے کے بعد اداکارہ نے ایک انٹرویو میں ان پر رد عمل بھی دیا تھا اور کہا تھا کہ انہیں اس معاملے پر خبریں پڑھ کر پریشانی ہوئی۔

فاطمہ ثنا شیخ کا کہنا تھا کہ ایک دن ان کی والدہ نے عامر خان اور ان کے تعلقات سے متعلق ٹی وی پر خبر دیکھی تو پریشان ہوگئیں اور اگلے ہی دن ان کی تصاویر عامر خان کے ساتھ شائع ہوئیں اور انہوں نے اپنے متعلق بہت کچھ غلط پڑھا۔

فاطمہ ثنا شیخ اور عامر خان کے درمیان 2017 سے تعلقات کی چہ مگوئیاں تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
فاطمہ ثنا شیخ اور عامر خان کے درمیان 2017 سے تعلقات کی چہ مگوئیاں تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شروع میں ایسی خبریں پڑھ کر پریشانی ہوتی تھی لیکن اب انہیں ایسا کوئی مسئلہ درپیش نہیں آتا اور وہ ایسی خبروں کو پڑھ کر نظر انداز کردیتی ہیں۔

اگرچہ فاطمہ ثنا شیخ نے عامر خان سے اپنے تعلقات کی خبریں شائع ہونے پر بات کی تھی لیکن انہوں نے واضح طور پر مسٹر پرفیکشنسٹ سے تعلقات کی تردید تا تصدیق نہیں کی تھی۔

اور اب عامر خان کی دوسری اہلیہ سے بھی طلاق ہوجانے پر چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر فاطمہ ثنا شیخ ہی اس کا سبب ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں