کورونا وائرس: سعودی عرب نے یو اے ای سمیت 4 ممالک پر سفری پابندی لگادی

اپ ڈیٹ 03 جولائ 2021
اتوارسے قبل ملک واپس آنے والے سعودی شہریوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا— فائل فوٹو:رائٹرز
اتوارسے قبل ملک واپس آنے والے سعودی شہریوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا— فائل فوٹو:رائٹرز

کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے پیش نظر سعودی عرب نے ایتھوپیا، متحدہ عرب امارات، ویتنام اور افغانستان پر بھی سفری پابندی عائد کردی۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 4 جولائی سے نافذ ہونے والی اس پابندی کا اطلاق ان افراد پر بھی ہوگا جو پچھلے 14 روز سے ان چاروں ممالک میں رہائش پذیر ہیں جبکہ اتوار (4 جولائی) سے قبل ملک واپس آنے والے سعودی شہریوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یہ فیصلہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کی روشنی میں اور وائرس کی نئی قسم کو روکنے کے لیے بیرون ملک سفر کے خواہشمند شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے 11 ممالک سے سفری پابندی ہٹا دی، پاکستان شامل نہیں

رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جن شہروں کے سفر کی اجازت دی گئی ہے وہاں جانے کے خواہشمند افراد اپنا خیال رکھیں، ایسے علاقوں سے دور رہیں جہاں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے اور ساتھ ہی تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

اس سے قبل سعودی عرب نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 3 فروری کو پاکستان سمیت 20 ممالک پر سفری پابندی عائد کی تھی جبکہ سفارتکاروں، سعودی شہریوں، میڈیکل عملے اور ان کے خاندانوں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی

سعودی عرب نے مصر، یو اے ای، لبنان، ترکی، برطانیہ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، پرتگال، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، امریکا، ارجنٹائن، برازیل، پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، جاپان اور جنوبی افریقہ پر پابندی عائد کی تھی۔

رپورٹ میں سعودی وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بعدازاں مئی میں 11 ممالک سے سفری پابندی ہٹادی گئی تھی جن میں متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، آئرلینڈ، اٹلی، پرتگال، برطانیہ، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جاپان شامل تھے جبکہ پاکستان کو ان ممالک میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

سعودی عرب نے مذکورہ ممالک سے سفری پابندیاں ہٹانے کے باوجود قرنطینہ کی شرط برقرار رکھی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں