فیس بک میں ٹوئٹر تھریڈز جیسے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی ہے۔

یہ فیچر فی الحال کچھ معروف شخصیات کو دستیاب ہوگا جس میں فیس بک کی جانب سے ایک نئی پوسٹ کو اس سے متعلق سابقہ پوسٹ سے کنکٹ کیا جاسکے گا۔

اس فیچر سے لوگوں کے لیے وقت کے ساتھ کسی موضوع کے بارے میں اپ ڈیٹس کو فالو کرنا آسان ہوجائے گا۔

جب نئی پوسٹ فالوورز کی نیوزفیڈ پر نظر آئے گی تو اس میں یہ بھی دیکھا جاسکے گا کہ اس تھریڈ میں دیگر پوسٹس کونسی ہیں۔

سوشل میڈیا کنسلٹنٹ میٹ نوارا نے اس فیچر کو سب سے پہلے دریافت کیا اور ٹوئٹر پر اس کے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔

بعد ازاں فیس بک نے بھی اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چند عوامی شخصیات پر اس کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ان تھریڈ پوسٹس مٰں ایک ویو پوسٹ تھریڈ بٹن ہوگا تاکہ لوگ آسانی سے اس میں موجود تمام پوسٹس کو دیکھ سکیں۔

جب کوئی صارف اس بٹن پر کلک کرے گا تو ایک دوسرے سے منسلک تمام پوسٹس اس کے سامنے ہوں گی۔

کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر صرف عوامی شخصیات تک محدود رہے گا یا کاروباری اداروں یا فیس بک گروپس میں بھی دستیاب ہوگا۔

تھریڈز ٹوئٹر میں ایک کارآمد فیچر ہے جس میں حروف کی تعداد محدود ہوتی ہے۔

ٹوئٹر تھریڈز سے لوگ زیادہ طویل پوسٹس کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

فیس بک میں اس سے کیا فائدہ ہوگا یہ تو آنے والے وقت میں ہی معلوم ہوسکے گا تاہم یہ فیچر صحافیوں یا سرکاری عہدیداران کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے جو نیوز ایونٹس کو تھریڈز کے ذریعے لوگوں تک پہنچاسکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں