کیا واقعی حریم شاہ ہنی مون کے لیے ترکی پہنچ گئیں؟

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2021
حریم شاہ نے دو ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے ترکی کی لوکیشن استعمال کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام،
حریم شاہ نے دو ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے ترکی کی لوکیشن استعمال کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام،

گزشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی سے شادی کا دعویٰ کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ترکی کی لوکیشن کے ساتھ انسٹاگرام پر ویڈیوز جاری کردیں۔

حریم شاہ نے گزشتہ ماہ 28 جون کو دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی و صوبائی وزیر سے خاموشی سے شادی کی اور وہ ہنی مون کے لیے 4 جولائی کو ترکی جائیں گے۔

اب حریم شاہ نے انسٹاگرام پر جاری کی گئی دو ویڈیوز میں ترکی کی لوکیشن ڈالی ہے لیکن اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ ترکی ہی میں موجود ہیں یا کسی اور جگہ؟

حریم شاہ نے ترکی کی لوکیشن کے ساتھ دو ویڈیوز شیئر کیں، جس میں سے ایک ویڈیو میں وہ گانے پر پرفارم کرتی دکھائی دیتی ہیں اور مذکورہ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے استنبول کی معروف گلی (gülensu tepesi ) کی لوکیشن ڈال رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے شادی کرلی؟

حریم شاہ نے دوسری ویڈیو ایک ہوٹل میں بنائی اور مذکورہ ویڈیو سے واضح نہیں ہو رہا کہ مذکورہ ہوٹل ترکی کا ہی ہے یا کسی اور ملک کا ہے؟

ہوٹل کے اندر بنائی گئی ویڈیو میں حریم شاہ 4 جولائی کی شب لاہور میں ہونے والے پانچویں ہم اسٹائل ایوارڈز شو میں اداکاراؤں کی جانب سے پہنے گئے بولڈ اور نیم عریاں لباس پر بات کرتی دکھائی دیں۔

ایک ویڈیو پر ٹک ٹاک اسٹار نے gülensu tepesi کی لوکیشن استعمال کی—اسکرین شاٹ
ایک ویڈیو پر ٹک ٹاک اسٹار نے gülensu tepesi کی لوکیشن استعمال کی—اسکرین شاٹ

مذکورہ ویڈیو میں حریم شاہ کا کہنا تھا کہ لوگ صرف ٹک ٹاک اسٹار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ٹک ٹاک والوں کو ہی بے حیائی پھیلانے کا باعث قرار دیتے ہیں، اب ایسے لوگ کہاں ہیں اور وہ اداکاراؤں کے لباس پر بات کیوں نہیں کر رہے۔

انہوں نے ٹک ٹاک اسٹارز پر تنقید کرنے والے افراد سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ لوگ کیوں خاموش ہیں اور وہ کیوں ایوارڈز تقریب میں بے حیائی پھیلانے والی اداکاراؤں پر بات نہیں کر رہے؟

ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صحیح کہتے ہیں کہ عورتیں مختصر کپڑے پہنیں گی تو بے حیائی پھیلے گی۔

حریم شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی دونوں ویڈیوز میں ترکی کے شہر استنبول کے دو مختلف علاقوں کی لوکیشن ڈالی گئی لیکن تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ ترکی گئی ہیں یا پاکستان میں بیٹھ کر وہاں کی لوکیشن استعمال کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ہنی مون سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے، حریم شاہ

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز صارفین کو مواد شیئر کرتے وقت کسی بھی شہر اور ملک کی لوکیشن شامل کرنے کے فیچرز فراہم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ حریم شاہ نے 28 جون کو پی پی پی رہنما سے شادی کا دعویٰ کرتے وقت ہی کہا تھا کہ وہ 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے ترکی جائیں گے اور وہاں سے واپسی پر وہ کراچی میں آکر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔

دوسری ویڈیو میں حریم شاہ نے استنبول کی KYK Maltepe Mimar Sinan Erkek Öğrenci Yurdu لوکیشن استعمال کی—اسکرین شاٹ
دوسری ویڈیو میں حریم شاہ نے استنبول کی KYK Maltepe Mimar Sinan Erkek Öğrenci Yurdu لوکیشن استعمال کی—اسکرین شاٹ

حریم شاہ نے اگرچہ پیپلز پارٹی کے رہنما سے شادی کا دعویٰ کیا تھا لیکن انہوں نے کسی بھی صوبائی وزیر یا رکن اسمبلی کا نام نہیں لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہر 'ایرے غیرے شخص' کو شوہر بناکر پیش کرنے پر حریم شاہ برہم

ان کے دعوے کے بعد پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے ساتھ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر شیئر کی گئیں، جس کے بعد رکن اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، تیمور ٹالپر اور مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹک ٹاک اسٹار سے متعلق اپنی خبروں کو مسترد کیا تھا۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مذکورہ معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹک ٹاک اسٹار کا دعویٰ صرف ’شوشہ‘ ہے اور یہ سب کچھ مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں