'عسکریت پسندوں' کو شناختی کارڈ جاری کرنے پر 2 نادرا عہدیدار گرفتار

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2021
اس گروہ میں نادرا کے دیگر ملازمین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہے— فائل فوٹو: ڈان
اس گروہ میں نادرا کے دیگر ملازمین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہے— فائل فوٹو: ڈان

کراچی: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایک ایجنٹ کو ناجائز فوائد حاصل کرنے کی خاطر عسکریت پسندوں اور دیگر کے لیے قومی شناختی کارڈ تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ بات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر عامر فاروقی نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔

ایف آئی اے عہدیدار کا کہنا تھا کہ نادرا کے کچھ ملازمین نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، القاعدہ برصغیر اور بلوچ قوم پرستوں کی کالعدم تنظیموں کو مالی فوائد کے بدلے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مدد دی۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اجرا: نادرا اہلکار، 2 ایجنٹس گرفتار

انہوں نے انکشاف کیا کہ صفورا بم دھماکے میں ملوث عمران علی نامی بھارتی شہری کے پاس بھی پاکستانی شناختی کارڈ تھا۔

علاوہ ازیں چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث ملزمان نے بھی اپنی شناخت تبدیل کروائی تھی۔

ایف آئی اے عہدیدار نے کہا کہ 'بلوچ عسکری گروہ کے سربراہ اللہ نذر اور دیگر نے نادرا کے قومی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کے سندھ دفتر کے کچھ ملازمین دہشت گردوں کو شناختی کارڈ حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔

مزید پڑھیں: شر پسندوں کوقومی شناختی کارڈ جاری ہونے کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ 'غیر ملکی ایجنسیوں نے نادرا کے نظام پر کام کر کے اسے متاثر کردیا ہے'۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے یہ بھی بتایا کہ اس گروہ میں نادرا کے دیگر ملازمین کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ غیر قانونی طور پر قومی شناختی کارڈ کے اجرا میں نادرا کے ملازمین کے ملوث ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی متعدد واقعات اور ان کے نتیجے میں گرفتاریاں سامنے آچکی ہیں۔

سال 2015 میں القاعدہ سمیت دیگر عسکریت پسند جنگجوؤں کو 10 سے 20 ہزار روپے رشوت کے عوض قومی شناختی کارڈ فراہم کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

آئی آیس آئی نے انسداد دہشت گردی کے لیے جاری آپریشن کے دوران نادرا کی جانب سے ہونے والی مبینہ کرپشن کو بے نقاب کیا تھا اور تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ نادرا کے بیشتر افسران دہشت گردوں اور شرپسندوں کو جعلی قومی شناختی کارڈ فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: غیر قانونی شناختی کارڈز پر81 غیر ملکیوں کے وارنٹ

اسی طرح سال 2017 میں ایف آئی اے کوئٹہ نے غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے الزام میں نادرا کے اہلکار اور 2 ایجنٹس کو گرفتار کیا تھا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ ملزمان غیر ملکیوں، بالخصوص افغان مہاجرین کو سیکڑوں شناختی کارڈز جاری کرنے میں ملوث تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں