حریم شاہ شادی کے دعوے کو ثابت نہ کر سکیں، نئی ویڈیوز میں سیاستدانوں پر الزامات

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2021
ماضی میں حریم شاہ کی سیاست دانوں کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں—اسکرین شاٹ
ماضی میں حریم شاہ کی سیاست دانوں کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں—اسکرین شاٹ

متنازع ویڈیوز اور دعوے کرنے سے شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ اپنی شادی کے دعوے کو تاحال ثابت نہ کر سکیں مگر نئی ویڈیوز میں سیاست دانوں پر الزامات لگا دیے۔

حریم شاہ نے گزشتہ ماہ 28 جون کو پی پی پی رہنما سے شادی کا دعویٰ کرتے وقت ہی کہا تھا کہ وہ 4 جولائی کو ہنی مون کے لیے ترکی جائیں گے اور وہاں سے واپسی پر وہ کراچی میں آکر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے۔

حریم شاہ نے اگرچہ پیپلز پارٹی کے رہنما سے شادی کا دعویٰ کیا تھا لیکن انہوں نے کسی بھی صوبائی وزیر یا رکن اسمبلی کا نام نہیں لیا تھا۔

ان کے دعوے کے بعد پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے ساتھ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر شیئر کی گئیں، جس کے بعد رکن اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، تیمور ٹالپر اور مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹک ٹاک اسٹار سے متعلق اپنی خبروں کو مسترد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے شادی کرلی؟

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مذکورہ معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹک ٹاک اسٹار کا دعویٰ صرف ’شوشہ‘ ہے اور یہ سب کچھ مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کیا گیا۔

ٹک ٹاک اسٹار نے 28 جون کو شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا—فوٹو انسٹاگرام
ٹک ٹاک اسٹار نے 28 جون کو شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا—فوٹو انسٹاگرام

بعد ازں 5 جولائی کو حریم شاہ نے ترکی کی لوکیشن استعمال کرتے ہوئے دو ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں مگر انہوں نے شادی کے دعوے پر کوئی بات نہیں کی تھی۔

اب ان کی ’شادی‘ کو تقریباً 2 ہفتے ہونے والے ہیں، تاہم تاحال انہوں نے اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر جاری کی گئی نئی ویڈیوز میں دیگر سیاست دانوں پر الزامات کی بارش کردی۔

مزید پڑھیں: ہنی مون سے واپسی پر ولیمے کی تقریب منعقد کریں گے، حریم شاہ

حریم شاہ نے 9 جولائی کو انسٹاگرام پر دو مختصر ویڈیوز شییئر کیں، جن میں وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کے رہنما فاروق ستار پر الزامات لگاتی دکھائی دیں۔

حریم شاہ نے کہا تھا کہ وہ ترکی سے واپسی پر شادی کی تقریب بھی منعقد کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
حریم شاہ نے کہا تھا کہ وہ ترکی سے واپسی پر شادی کی تقریب بھی منعقد کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

جاری کی گئی دونوں ویڈیوز میں انہوں نے نہ صرف سیاست دانوں پر الزامات لگائے بلکہ ان کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی اور فیاض الحسن چوہان کو انہوں نے ’غلیظ شخص‘ تک قرار دیا۔

ویڈیوز میں حریم شاہ نے کہا کہ اب دونوں سیاست دانوں خود کو صادق و امین ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان پر الزامات لگا رہے ہیں لیکن اب وہ بھی خاموش نہیں رہیں گی اور ان کی اصلیت دنیا کے سامنے لائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا واقعی حریم شاہ ہنی مون کے لیے ترکی پہنچ گئیں؟

حریم شاہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ فیاض الحسن چوہان اور فاروق ستار ان پر کیا الزامات لگا رہے ہیں، تاہم انہوں نے بتایا کہ اب وہ بھی دونوں کی اصلیت سامنے لائیں گی۔

ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کس طرح کے آدمی ہیں، وہ خوب جانتی ہیں اور وہ اب تک خاموش تھیں لیکن اب وہ ان کے کرتوت سامنے لائیں گی۔

اسی طرح انہوں نے فاروق ستار کے حوالے سے کہا کہ وہ خود انہیں 6 ماہ تک ملاقات کی منتیں کرتے رہے اور اب وہ بڑی بڑی باتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد دونوں سیاست دانوں کی بیویوں کو ان کے کرتوتوں کے ثبوت پیش کریں گی کہ وہ کس طرح کے آدمی ہیں۔

خیال رہے کہ ماضی میں حریم شاہ کی مذکورہ دونوں سیاستدانوں کے ساتھ ویڈیوز وائرل ہوچکی ہیں، جن میں دونوں سیاستدانوں کو الگ الگ مواقع پر ٹک ٹاک اسٹار کے ساتھ خوشگوار موڈ میں ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ali Jul 10, 2021 03:31pm
ہزارہ، مشکل اے گذارا