واٹس ایپ میں جلد ہائی کوالٹی تصاویر اور ویڈیوز بھیجنا ممکن ہوگا

10 جولائ 2021
اس فیچر کی آزمائش ابھی بیٹا ورژن میں کی جارہی ہے — فوٹو بشکریہ WABetaInfo
اس فیچر کی آزمائش ابھی بیٹا ورژن میں کی جارہی ہے — فوٹو بشکریہ WABetaInfo

واٹس ایپ میں بہت جلد صارفین کو تصاویر اور ویڈیوز کے معیار پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوسکے گا۔

واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظررکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo کے مطابق فیس بک کی زیرملکیت ایپ میں اس وقت 2 فیچرز کی آزمائش اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں جاری ہے۔

دونوں فیچرز سے صارفین کو تصاویر اور ویڈوز بھیجتے ہوئے ہائی کوالٹی فائل بھیجنے کے لیے 3 آپشن مل جائیں گے۔

آٹو، بیسٹ کوالٹی اور ڈیٹا سیور نامی یہ آپشنز صارفین کو دستیاب ہوں گے اور وہ ان کے مطابق فائلز کو سینڈ کرسکیں گے۔

اگر یہ فیچر اسی شکل میں تمام صارفین کے لیے جاری کیا جاتا ہے تو انٹرنیٹ اسپیڈ خراب ہونے پر فائل کو مزید کمپریسڈ کرنے پر مجبور کرے گا یا اچھے انٹرنیٹ پر ہائی کوالٹی تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس وقت ہائی کوالٹی فوٹو یا ویڈیو کو بھیجنا ہو تو ان کو بطور امیج یا ویڈیو کی بجائے ڈاکومنٹ کے طور پر سینڈ کرنا پڑتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس فیچر کے بارے میں نہیں بتایا گیا کہ اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

فی الحال یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ بیٹا ایپ میں ہے اور آئی او ایس نہیں۔

امیج اور ویڈیو کوالٹی سیٹنگز اب واٹس ایپ کے ان فیچرز کا حصہ بن گیا ہے جو اب تک بیٹا ورژن میں ہی دستیاب ہے۔

ان میں سب سے زیادہ انتظار ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر کا ہے جس سے صارفین واٹس ایپ کو بیک وقت 4 ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے۔

اس فیچر کی آزمائش کافی عرصے سے جاری ہے اور حال ہی میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے تصدیق کی تھی کہ اس فیچر کو جلد متعارف کرایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں