نواز شریف کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کے مزاحیہ تبصرے

12 جولائ 2021
مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نواز شریف کی ایسی کوئی تصویر موجود نہیں—فوٹوز:ٹوئٹر
مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نواز شریف کی ایسی کوئی تصویر موجود نہیں—فوٹوز:ٹوئٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حالیہ دنوں آزاد کشمیر کا دورہ کیا تھا اور وہاں جلسے سے خطاب کیا تھا جس کے بعد سے سوشل میڈیا پر مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے منسوب اسکرین شاٹ گردش کررہا ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر موجود ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس اسکرین شاٹ سے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ ٹوئٹ مبینہ طور پر مریم نواز نے شیئر کی تھی جسے بعدازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شیئرکیا اور پھر اس پر تبصروں اور میمز کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مریم نواز کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نواز شریف کی ایسی کوئی تصویر موجود نہیں تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں ایک تصویر میں مریم نواز جبکہ دوسری میں نواز شریف موجود ہیں۔

اسکرین شاٹ میں بائیں جانب پر موجود تصویر میں مریم نواز نظر آرہی ہیں، جو ان دنوں آزاد کشمیر میں اپنی جماعت کی انتخابی مہم کی قیادت کررہی ہیں اور وادی نیلم میں کیران کے مقام پر ایک خوبصورت مقام پر کھڑی ہیں جبکہ دائیں جانب موجود تصویر میں ان کے والد نواز شریف نظر آرہے ہیں جو نومبر 2019 سے برطانیہ میں ہیں اور وہ بھی اسی مقام پر کھڑے ہوئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ کے اسکرین شاٹ میں لکھا ہوا ہے کہ'کشمیر سے رشتہ بہت پرانا ہے'۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'کشمیر الیکشن میں شکست کے خوف سے جعلی راجکماری سٹپٹا گئی ہے، کبھی فوٹو شاپ تصاویر سے کشمیریوں کو دھوکا دینے کی کوشش کی جارہی ہے تو کبھی کھلم کھلا دھمکیاں دی جارہی ہیں'۔

ڈاکٹر شہباز گل نے مذکورہ اسکرین شاٹ گزشتہ دوپہر 12 بج کر 17 منٹ پر شیئر کیا تھا لیکن آج صبح جب مریم نواز کی پروفائل کا جائزہ لیا گیا تو وہاں صرف ان کی تصاویر پر مشتمل ٹوئٹ موجود تھی۔

تاہم ٹوئٹر صارفین نے یہ جاننے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی کہ فوٹو شاپ کی گئی تصویر مریم نواز نے شیئر کی تھی یا نہیں اور اس پر مختلف تبصرے اور میمز شیئر کرنا شروع کردیں اور سابق وزیراعظم کو تصویر کو مختلف مناظر کا حصہ بنانا شروع کردیا۔

نواز شریف کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر کا اسکرین شاٹ وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر صارفین کے مطابق سابق وزیراعظم ان مقامات پر موجود ہیں۔

خلا

دانش نامی صارف نے لکھا کہ 'رائیونڈ میں اسپیس'۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ 'میاں صاحب خلا میں موجود ہیں، لَو یو باؤ جی'۔

منی ہیسٹ

فیصل نامی صارف کے مطابق نواز شریف کرائم تھرلر سیریز منی ہیسٹ کے سیزن 5 میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

یورو 2020 فائنل

ٖفضا نامی صارف نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ ہوتی ہے فٹ بال سے محبت'۔

وزیراعظم و آرمی چیف کی ملاقات میں نواز شریف

علی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے وزیراعظم و آرمی چیف کی ملاقات کی پرانی تصویر میں نواز شریف کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر شامل کرتے ہوئے لکھا کہ 'کوئی کہہ کر دکھائے کہ یہ جھوٹ ہے'۔

بارشوں کے دوران لاہور

ولید نامی صارف نے بارشوں کے دوران لاہور کی فوٹو شاپ کی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'بارش سے رشتہ پرانا'۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں

کچھ صارفین تو نواز شریف کی اس تصویر کو عمران خان کی تقریب حلف برداری کی تصویر کا حصہ بنادیا۔

چوہدری تنویر نے لکھا کہ 'بس نہیں چل رہا خان صاحب کے ہاتھ سے حلف نامہ چھین کے بھاگ جائے'۔

میمز کے بادشاہ کے ساتھ کرکٹ میچ

تبصرے (0) بند ہیں