بولی وڈ پروڈیوسر بھوشن کمار کے خلاف ’ریپ‘ کا مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2021
ماضی میں الزامات لگنے پر بھوشن کمار کی اہلیہ دیویا کھوسلہ ان پر لگے الزامات کو مسترد کرتی آئی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ماضی میں الزامات لگنے پر بھوشن کمار کی اہلیہ دیویا کھوسلہ ان پر لگے الزامات کو مسترد کرتی آئی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارت کی معروف میوزک ریکارڈ کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور بولی وڈ پروڈیوسر بھوشن کمار کے خلاف 30 سالہ خاتون کا ’ریپ‘ کرنے کا مقدمہ درج کردیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نیوز 18‘ کے مطابق بھوشن کمار کے خلاف ریاست مہاراشٹر کے شہر ممبئی کے ڈی این نگر پولیس تھانے میں خاتون کی شکایت پر مقدمہ دائر کیا گیا۔

بھوشن کمار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ دائر کرکے تفتیش شروع کردی گئی لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

اسی حوالے سے بھارتی خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے بتایا کہ بھوشن کمار کے خلاف نامعلوم خاتون کی فریاد پر ’ریپ‘ کا مقدمہ دائر کیا گیا۔

میوزک و فلم پروڈیوسر کے خلاف الزام لگانے والی 30 سالہ خاتون نے دعویٰ کیا کہ بھوشن کمار نے انہیں فلم میں کام دینے کے عوض ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ واقعہ کب پیش آیا اور تاحال بھوشن کمار نے بھی واقعے پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی خاتون کے خلاف شکایت درج

بھوشن کمار کے خلاف مذکورہ مقدمہ درج ہونے سے قبل 2018 میں بھی ’می ٹو مہم‘ شروع ہونے کے بعد خواتین نے ’ریپ‘ اور ’جنسی ہراسانی‘ کے الزامات لگائے تھے۔

ابتدائی طور پر اکتوبر 2018 میں بھوشن کمار کے خلاف ایک خاتون نے ممبئی پولیس میں جنسی ہراسانی کی شکایت درج کروائی تھی۔

بھوشن کمار کی اہلیہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
بھوشن کمار کی اہلیہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی دکھائی دیتی ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

ان کے خلاف الزام لگانے والی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ بھوشن کمار نے ان سے تین گانوں میں کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا تھا مگر خاتون کے الزامات آنے کے بعد پروڈیوسر اور ان کی اہلیہ نے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔

اسی طرح جنوری 2019 میں بھی ایک خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ بھوشن کمار نے ان سے تین فلموں میں کام کرنے کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا تھا۔

بھوشن کمار پر دیگر خواتین نے بھی جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے مگر اس وقت پروڈیوسر نے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا اور ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی بھی نہیں کی جا سکی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی سیریز کے مالک نے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا، اداکارہ کا دعویٰ

تاہم اب باضابطہ طور پر بھوشن کمار کے خلاف مقدمہ دائر کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ چند روز میں پولیس پروڈیوسر کو سمن جاری کرے گی یا وہ خود تھانے پہنچ کر بیان ریکارڈ کروائیں گے۔

بھوشن کمار بھارت کی سب سے بڑی میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے سربراہ ہے، مذکورہ کمپنی کو ان کے والد گلشن کمار نے 1980 میں بنایا تھا۔

یہ کمپنی شروع سے ہی زیادہ تر فلموں کی موسیقی کی تیاری کا کام کرتی آئی ہے، گزشتہ 2 دہائیوں سے یہ فلم پروڈکشن میں بھی اچھا کام کر رہی ہے۔

گلشن کمار 1997 میں 41 برس کی عمر میں چل بسے تھے، جس کے بعد ٹی سیریز کو ان کے بھائی نے سنبھالا، بعد ازاں کمپنی کو ان کے بیٹے بھوشن کمار نے سنبھالا اور کمپنی نے گانوں کے بعد فلموں کو بنانا بھی شروع کیا۔

بھوشن کمار ٹی سیریز کے سربراہ ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بھوشن کمار ٹی سیریز کے سربراہ ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں