ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021: پاکستان، بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

اپ ڈیٹ 10 اگست 2021
پاکستان اور بھارت سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور بھارت سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے پہلے راؤنڈ اور 12 سپر ٹیموں کے دو گروپس کا اعلان کردیا جہاں پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں شامل ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی 2021 کے انعقاد کے لیے باقاعدہ گروپ بندی جاری کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ، ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

بیان میں کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات اور عمان کریں گے جبکہ اصل میزبان بھارت سے منتقل کردیا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر کو شروع ہوگا اور 14 نومبر 2021 کو اختتام پذیر ہوگا۔

پہلے مرحلے کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور دوسرے مرحلے کو سپر 12 کانام دیا گیا ہے، جس میں 12 ٹیموں کو 6،6 کے دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت سپر 12 کے گروپ ٹو میں شامل ہیں، جہاں ان کے علاوہ نیوزی لینڈ، افغانستان اور پہلے مرحلے سے کوالیفائی کرنے والی دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔

سپر 12 کے گروپ ون میں ایک روزہ کرکٹ کی عالمی چمپیئن انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور پہلے مرحلے سے آنے والی دو ٹیمیں شامل ہوں گی۔

— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے لیے 8 ٹیموں کو دو گروپس میں شامل کیا گیا ہے جہاں گروپ اےمیں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نیمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پہلے مرحلے کے گروپ بی میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے دونوں گروپس سے 2،2 ٹیمیں سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی اور گروپ اے کی فاتح اور گروپ بی رنر اپ ٹیم گروپ ون جبکہ گروپ اے کی رنر اپ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم گروپ ٹو میں جگہ بنائیں گی جہاں پاکستان اور بھارت جیسی حریف ٹیمیں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی متحدہ عرب امارت منتقلی کی تصدیق کردی

آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیف ایلارڈیس کا کہنا تھا کہ گروپس میں کئی شان دار میچ رکھے گئے ہیں اور ہمارے شائقین اسے محظوظ ہوں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی بنیادی طور پر 2020 کے اواخر میں آسٹریلیا میں شیڈول تھا لیکن کورونا وائرس کی عالمی تباہ کاریوں کے نتیجے میں نہ ملتوی کیا گیا بلکہ اگلے میزبان بھارت کو اس کا انتظام دیا گیا۔

بھارت میں 2021 میں ہی ہونا تھا لیکن وہاں اپریل اور مئی میں کورونا کیسز کی شرح میں بے انتہا اضافہ ہوگیا تھا جس کے باعث ورلڈ کپ کے انعقاد پر خدشات کا اظہار کیا گیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ہی ہوگا لیکن تمام مقابلے بھارت سے باہر چار مقامات دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم، شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی، شارجہ اسٹیڈیم اور عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں ہوں گے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ دونوں گروپس میں کچھ الگ نہیں ہے کیونکہ دونوں گروپس میں ٹیمیں مختصر طرز کرکٹ کے اعلیٰ مسابقتی معیار سے بھرپور ہیں۔

جے شاہ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی پرجوش طرز کرکٹ غیرمتوقع نتائج کی حامل ہے اور ہمیں اس طرح کے نتائج کی توقع رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھےامید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بہترین کھیل اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں