’الف نون‘ فلم 2022 میں ریلیز ہوگی، شہزاد رائے

17 جولائ 2021
فلم میں شہزاد رائے مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
فلم میں شہزاد رائے مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے نے تصدیق کی ہے کہ ان کی آنے والی پہلی سٹ کام فلم ’الف نون‘ آئندہ سال کے وسط تک ریلیز کردی جائے گی۔

’الف نون‘ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے اسی نام سے بنائے گئے ماضی کے مقبول سٹ کام ڈرامے کا ری میک ہے مگر اس بار اسے فلم کی صورت میں ریلیز کیا جائے گا۔

اداکار و میزبان احسن خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شہزاد رائے کی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں گلوکار نے اپنی پہلی فلم کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

اسی ویڈیو کو دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا، جس میں شہزاد رائے نے بتایا کہ وہ رواں برس ستمبر میں ’الف نون‘ کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکاری کے بعد شہزاد رائے الف نون میں اداکاری کے لیے تیار

مختصر ویڈیو میں شہزاد رائے نے تصدیق کی کہ ’الف نون‘ کی تیاری پر کام جاری ہے اور رواں برس ستمبر میں باضابطہ طور پر اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور آئندہ سال کے وسط تک اسے ریلیز کردیا جائے گا۔

شہزاد رائے نے بتایا کہ ’الف نون‘ میں نہ صرف ماضی کے مقبول ڈرامے کے کرداروں کو جدید انداز میں دیکھا جا سکے گا بلکہ فلم میں کہانی کے حساب سے گانے بھی شامل کیے جائیں گے۔

اگرچہ شہزاد رائے نے تصدیق کی کہ فلم کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا، تاہم انہوں نے فلم کی دیگر کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

ممکنہ طور پر فلم میں فیصل قریشی بھی ان کے ہمراھ دکھائی دیں گے اور وہی فلم کی ہدایات بھی دیں گے جب کہ ان کے ساتھ کسی نئی اداکارہ کو کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما 'الف نون' 1965 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔

ڈرامے میں چند کردار ہی تھے جو ہر قسط میں نئے مسائل پر بات ہلکے پھلکے انداز می گفتگو کرتے تھے۔

ڈرامے کی تھیم کے مطابق 'الف نون' کے ذریعے کاروبار کے لیے ذخیرہ اندوزی کرنے اور غریبوں کو لوٹنے کے لیے نئی ترکیبیں استعمال کرنے والے مکروہ کاروباری افراد کو سامنے لایا جاتا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں