ماہرہ خان کو ‘بوڑھی‘ کہنے والی خاتون پر عائشہ عمر برہم

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2021
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد سے ماہرہ خان پر مختلف تبصرے کرتے ہوئے ان کی عمر پر تنقید کی جارہی ہے— فائل فوٹوز: انسٹاگرام
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہونے کے بعد سے ماہرہ خان پر مختلف تبصرے کرتے ہوئے ان کی عمر پر تنقید کی جارہی ہے— فائل فوٹوز: انسٹاگرام

پاکستان کی مقبول اداکارہ عائشہ عمر نے سوشل میڈیا پر سپر اسٹار ماہرہ خان کو ’بوڑھی’ کہنے والی خاتون کو جواب دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان جلد خوبرو ٹی وی اداکار زاہد احمد کے ساتھ سی پرائم کی شارٹ فلم میں نظر آئیں گی جو شہریار منور کا ڈائریکٹورل ڈیبیو بھی ہے۔

اسی حوالے سے مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ماہرہ خان، زاہد احمد اور شہریار منور کی تصاویر بھی وائرل ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان کا رواں برس ڈراما انڈسٹری میں واپسی کا اعلان

ان تصاویر میں سے ایک میں زاہد احمد اور شہریار منور کے ساتھ کھڑی ماہرہ خان بغیر میک اپ کے نظر آرہی ہیں جو شاید سیٹ ہی کی تصویر ہے۔

تاہم یہ تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ماہرہ خان پر مختلف تبصرے کرتے ہوئے ان کی عمر پر تنقید کی جارہی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سائٹ گلیکسی لولی وڈ کی جانب سے شیئر کی جانے والی اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ماہرہ خان تو سب کی ماما لگ رہی ہیں۔

اسی طرح ایک اور صارف نے اداکارہ کی عمر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کہ ماہرہ 'بوڑھی' لگ رہی ہیں۔

اداکارہ عائشہ عمر نے مذکورہ خاتون کو کمنٹ میں مینشن کرتے ہوئے ماہرہ خان کی حمایت کی اور خاتون صارف پر تنقید کی۔

عائشہ عمر نے لکھا کہ اس میں کیا غلط ہے؟ ماہرہ خان جیسی ظاہری طور پر خوبصورت دکھائی دیتی ہیں ویسے ہی ان کا باطن بھی دلکش ہے، اس سے قطع نظر کہ انہوں نے زندگی کے کتنے سال جی لیے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

انہوں نے کہا کہ ہم سب بڑے ہیں اور عقلمند ہیں، ہر جاندار کو قدرتی عمل سے گزر کر بوڑھا ہونا ہے۔

عائشہ عمر نے مزید لکھا کہ کیا ہم ایک لمحے کے لیے اپنے الفاظ پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے لوگوں کو ان کی عمر، وزن، رنگ اور کپڑوں کو لے کر شرمندہ کرنا چھوڑ سکتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان نے خفیہ شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

کمنٹ کے آخر میں عائشہ عمر نے خاتون صارف سے کہا کہ مجھے معاف کیجیئے گا، محض آپ کی نشاندہی کرتے ہوئے یہ سب نہیں کہنا چاہتی تھی لیکن اس قسم کے تمام کمنٹس دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں گیا، لوگوں کے ساتھ رحم دلی کے ساتھ پیش آئیں، دوسرے کیسا محسوس کرتے ہیں اسے سمجھیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ماہرہ خان کی عمر کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہو، اس سے قبل اداکارہ کے آنے والے ڈرامے ’ہم کہاں کے سچے تھے’ کا پوسٹر سامنے آنے کے بعد بھی کچھ ایسے ہی تبصرے کیے گئے تھے۔

کچھ صارفین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ناول پر بنائے گئے اس ڈرامے میں مہرین کے کردار کے لیے عمر کی وجہ سے ماہرہ خان کا انتخاب غیرموزوں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں