بیٹے کو ایسا مرد بناؤں گی جو خواتین کیلئے خطرہ نہیں بنے گا، یاسرہ رضوی

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2021
اداکارہ کے ہاں مئی 2021 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے ہاں مئی 2021 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ یاسرہ رضوی نے ملک میں خواتین پر بڑھتے تشدد اور قتل و غارت کے واقعات کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کی پرورش اس طرح کریں گی کہ وہ کسی بھی انسان کے لیے خطرہ نہیں بنیں گے۔

یاسرہ رضوی کے ہاں رواں برس مئی میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے جنوری 2020 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی سے شادی کی تھی۔

حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف شہروں میں خواتین کے بیہمانہ قتل اور عورتوں کے خلاف بڑھتے تشدد اور ہراسانی کے واقعات کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ وہ بیٹے کی درست انداز میں تربیت کرکے معاشرے کا مستقبل محفوظ بنائیں گی۔

اداکارہ نے اپنی طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ اس بات کا عہد کرتی ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کی ایسی تربیت کریں گی کہ وہ مرد بن کسی بھی خاتون، مخنث شخص یا مرد حضرات کے لیے بھی خطرہ نہیں بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسرہ رضوی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد

یاسرہ رضوی نے لکھا کہ وہ بیٹے کی ایسے تربیت کریں گی کہ وہ بڑا ہو کر ہمدرد بنے گا، دوسروں کا احساس کرے گا اور انصاف پسند ہوگا۔

انہوں نے لکھا کہ وہ بیٹے کو ایسا مرد بنائیں گی، جسےخواتین اور ٹرانس جینڈرز کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کے پاس مرد ہونے کے ناتے دوسروں کو ہراساں کرنے کا لائسنس ہوگا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ معاشرے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے لازمی بن چکا ہے کہ ہم اپنے بیٹوں کی تربیت پر زیادہ توجہ دیں، ان کی سخت نگرانی کریں۔

مزید پڑھیں: خود سے 10 سال کم عمر لڑکے سے شادی کی تو لوگ حیران رہ گئے، یاسرہ رضوی

انہوں نے لکھا کہ وہ بیٹے کی ایسی پرورش کریں گی کہ وہ کسی دوسرے پر الزام نہیں لگائے گا اور اس کے آگے انسانی زندگی اور عزت کا احترام ہوگا جو یہ بھی جانتا ہوگا کہ کسی کی اجازت اور رضامندی کے بغیر کسی کو چھونا یا گھورنا بھی غلط ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ہمیں سماج میں موجود غلیظ انسانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا چاہیے مگر وہ جانتی ہیں کہ مستقبل میں سماج کو محفوظ بنانے کے لیے ابھی سے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا اور بیٹوں کی سخت نگرانی کرکے ان کی بہتر پرورش کرنی ہوگی۔

اداکارہ کی جانب سے بیٹے کی بہتر پرورش کرنے کے عزم کی پوسٹ پر کئی شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرکے ان کی تعریف کی اور ان سے اتفاق کیا کہ سماج کی ہر ماں کو ایسا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

عرفان Jul 27, 2021 01:31am
اسکی نونو جڑ سے کتوا دو۔