بابر علی کی بیٹی کے ہمراہ ’جانو سن ذرا‘ پر پرفارمنس کی ویڈیو وائرل

26 جولائ 2021
باپ اور بیٹی پرانے گانے پر پرفارمنس کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
باپ اور بیٹی پرانے گانے پر پرفارمنس کرتے دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

ڈرامے میں نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسم کے کردار ادا کرنے سے اداکاری کا آغاز کرنے والی اداکار بابر علی کی جانب سے حال ہی میں نوجوان بیٹی کے ساتھ اپنے پرانے گانے پر بنائی گئی ویڈیو نے شائقین کے دل جیت لیے۔

بابر علی نے بیٹی زینب علی کے ہمراہ انسٹاگرام پر اپنی پہلی فلم ’جیوا‘ کے معروف گانے ’جانو سن ذرا‘ پر بنائی گئی ویڈیو کو شیئر کیا، جسے کافی لوگوں نے پسند کیا۔

مختصر ویڈیو میں بابر علی اپنی نوجوان بیٹی کے ہمراہ گھر کی چھت پر ’جانو سن ذرا‘ پرپرفارمنس کرتے دکھائی دیے۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے بابر علی نے لکھا کہ ان کی پہلی فلم کے پہلے گانے ’جانو سن ذرا‘ پر وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ پرفارمنس کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’جانو سن ذرا‘ کو انہوں نے اداکارہ ریشم کے ساتھ فلمایا تھا اور انہیں پرانے گانے پر دوبارہ پرفارمنس کا مزہ آگیا۔

بعد ازاں بابر علی نے بیٹی کے ہمراہ ’جانو سن ذرا‘ کی ویڈیو بنانے کی ریہرسل کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اسے بھی مداحوں نے کافی سراہا۔

بابر علی کی جانب سے بیٹی کے ہمراہ حال ہی میں شیئر کی گئی ویڈیوز کے علاوہ بھی ماضی میں بھی وہ بیٹی کے ہمراہ ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔

ساتھ ہی ان کی بیٹی زینب علی نے بھی مذکورہ ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

بابر علی اگرچہ حالیہ دنوں میں وہ بڑے پردے پر دکھائی نہیں دے رہے لیکن امکان ہے کہ جلد ہی وہ سید نور کی پنجابی فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ میں دکھائی دیں گے، مذکورہ فلم میں ان کے ہمراہ ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا بھی دکھائی دیں گی۔

علاوہ ازیں بابر علی لولی وڈ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی ماہرہ خان، فواد خان اور حمزہ علی عباسی کے ہمراہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

بابر علی ان دنوں چھوٹی اسکرین پر دکھائی دیتے ہیں اور حال ہی میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’عشق ہے‘ میں ان کی پرفارمنس کو سراہا جا رہا ہے۔

بابر علی نے انتہائی کم عمری میں پی ٹی وی کے معروف ڈرامے ’لبیک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس میں انہوں نے مسلم سپہ سالار محمد بن قاسم کا کردار ادا کیا تھا۔

اس کے بعد بابر علی ’بابر‘ ڈرامے میں مغل بادشاہ کے کردار میں دکھائی دیے، جس کے بعد انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر متعدد ڈرامے کرنے کے بعد 1995 میں سید نور کی فلم ’جیوا‘ سے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔

’جیوا‘ میں بابر علی کے ہمراہ ریشم نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور ان کی اسی فلم کے گانے ’جانو سن ذرا‘ نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔

بابر علی نے تین درجن کے قریب فلموں اور 3 درجن کے قریب ڈراموں میں کردار ادا کیے ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک دکھائی دیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں