اشنا شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اپ ڈیٹ 03 اگست 2021
اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ اشنا شاہ بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہوگئیں اور انہوں نے مداحوں کو اپیل کی ہے کہ وہ ڈیلٹا قسم کے پیش نظر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اشنا شاہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ کورونا ویکسین کے دونوں ڈوز لگوانے کے باوجود وبا کا شکار ہوگئیں۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ وہ مضبوط مدافعتی نظام رکھنے سمیت صحت مند بھی ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں کورونا ہوگیا اور اب وہ یہ سوچ کر حیران ہیں کہ اگر انہوں نے ویکسینیشن نہیں کروائی ہوتی تو ان کی حالت کس قدر خراب ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان صدیقی بھی کورونا وائرس سے متاثر

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان میں ظاہر ہونے والی علامات خطرناک ہیں لیکن انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

اشنا شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسینیشن کروانے کے باوجود فیس ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کا خصوصی خیال رکھیں اور کورونا کو مذاق نہ سمجھیں۔

اشنا شاہ نے اپنی پوسٹ میں کورونا کی ڈیلٹا (بھارتی قسم) پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ انتہائی خطرناک ہے جو تیزی سے پھیلتا ہے۔

اداکارہ نے ان تمام افراد کو کورونا ٹیسٹ کروانے کا بھی مشورہ دیا جن سے وہ حال ہی میں ملی تھیں۔

مزید پڑھیں: اداکار مصطفیٰ قریشی بھی کورونا وائرس سے متاثر

اشنا شاہ نے کورونا سے متعلق پوسٹ کے کیپشن میں ان تمام دوستوں اور رشتے داروں سے بھی معذرت کی، جن سے وہ حال ہی میں ملی تھیں اور بتایا کہ ان سے ملاقات کے دوران ان کی طبیعت خراب تھی مگر انہوں نے اسے معمولی وائرس سمجھا تھا۔

اشنا شاہ کے مطابق انہوں نے ویکسین کے دونوں ڈوز لگوا رکھے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اشنا شاہ کے مطابق انہوں نے ویکسین کے دونوں ڈوز لگوا رکھے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کے مطابق انہیں جب بخار ہوا اور ان کی سونگھنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تو انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا اور ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: سنبل اقبال کورونا کا شکار

اشنا شاہ سے قبل اداکارہ سنبل اقبال، عدنان صدیقی اور مصطفیٰ قریشی بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار بن چکے ہیں۔

اس سے قبل تیسری اور دوسری لہر جب کہ پہلی لہر میں بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا سے متاثر ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات تین سے چار ہفتوں میں صحت یاب ہوگئی تھیں۔

عام طور پر شوبز شخصیات گھروں میں رہتے ہوئے صحت یاب ہوگئی تھیں لیکن بعض شخصیات کو طبیعت بگڑنے پر کچھ دن کے لیے ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں