سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے خبررساں اداروں ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) اور رائٹرز کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد پلیٹ فارم پر قابل اعتبار خبروں اور تفصیلات تک صارفین کی رسائی یقینی بنانا ہے۔

خبر رساں اداروں کے ساتھ نئے معاہدے کے تحت ٹوئٹر ٹیم کو خبروں کے تناظر اور ٹرینڈز کو درست رکھنے میں مدد مل سکے گی۔

اسی طرح کمپنی کو اہم ایونٹس کے دوران عوامی اعلانات کے استعمال، گمراہ کن مواد کے لیبلز اور دیگر کے لیے بھی مدد مل سکے گی۔

اس وقت ٹوئٹر کی جانب سے ٹاپ ٹرینڈز اور دیگر خبروں میں ایکسپلور ٹیب میں اضافی تفصیلات کا اضافہ کیا جاتا ہے، اس شراکت داری کے بعد مخصوص سرچ رزلٹس کی درجہ بندی کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اسی طرح ہوم ٹائم لائن کی ایکسپلور ٹیب اہم ایونٹس جیسے ہیلتھ ایمرجنسیز اور دیگر ایونٹس کو نمایاں کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔

ٹوئٹر کی جانب سے گمراہ کن مواد کے لیبل میں مستند ذرائع سے تفصیلات کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔

تاہم یہ ٹیم ٹوئٹر کی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیم سے الگ کام کرے گی، جو تعین کرتی ہے کہ کس ٹوئٹ نے کمپنی کی گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کی اور اس حوالے سے ایکشن جیسے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنا، بین کرنا یا دیگر کا فیصلہ کرتی ہے۔

ٹوئٹر نے تصدیق کی ہے کہ اے پی یا رائٹرز کی جانب سے ان فیصلوں میں کوئی کردار ادا نہیں کیا جائے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ اے پی اور رائٹرز کے ساتھ کام کرنے سے پلیٹ فارم میں ٹوئٹس میں اضافی تفصیلات کے اضافے کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔

اسی طرح وائرل گمراہ کن مواد کو روکنے میں بھی یہ شراکت داری مددگار ثابت ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں