امریکا، پاکستانی قیادت کو نظر انداز کرتا رہا تو دوسرے آپشنز بھی ہیں، معید یوسف

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021
انہوں نے اس کی وضاحت کرنے سے انکار کردیا کہ پاکستان کے پاس دیگر آپشنز کیا ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
انہوں نے اس کی وضاحت کرنے سے انکار کردیا کہ پاکستان کے پاس دیگر آپشنز کیا ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

واشنگٹن: قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ اگر امریکی صدر جو بائیڈن ملک کی قیادت کو نظر انداز کرتے رہے تو پاکستان کے پاس اور بھی آپشنز ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اخبار 'فنانشل ٹائمز' کو انٹرویو دیتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ امریکا کے صدر نے اتنے اہم ملک کے وزیر اعظم سے بات نہیں کی جس کے بارے میں خود امریکا کہتا ہے کہ افغانستان سے متعلق کچھ معاملات اور کچھ طریقوں میں بناؤ اور توڑو، ہم اشاروں کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹھیک ہے؟

مزید پڑھیں: پاک امریکا بڑھتے روابط: کیا کچھ بڑا ہونے جارہا ہے؟

انہوں نے اس کی وضاحت کرنے سے انکار کردیا کہ پاکستان کے پاس دیگر آپشنز کیا ہیں۔

معید یوسف نے کہا کہ ہمیں ہر مرتبہ بتایا گیا ہے کہ (فون کال) ہوگی، یہ تکنیکی وجوہات ہیں یا کچھ بھی، لیکن واضح طور پر لوگ اس پر یقین نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر فون کال ایک رعایت ہے، اگر سیکیورٹی تعلقات ایک رعایت ہے تو پاکستان کے پاس دیگر آپشنز بھی ہیں۔

تاہم امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اسلام آباد کو یقین دلایا ہے کہ واشنگٹن، افغانستان میں امن کی بحالی میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ ملک یہ کردار ادا کرے۔

واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ نہ صرف امریکا بلکہ ہمارے بہت سے بین الاقوامی شراکت دار، خطے کے بہت سے ممالک بھی پاکستان سے اس معاون کردار کے خواہاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ ’نتیجہ خیز‘ تعلقات چاہے گی، امریکی اسکالر

انہوں نے مزید کہا کہ لہٰذا ہم کام جاری رکھیں گے اور اس پر اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی بات چیت کریں گے۔

تاہم فنانشل ٹائمز نے منگل کے روز رپورٹ کیا کہ واشنگٹن میں نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے معید یوسف نے صدر جو بائیڈن کی وزیر اعظم عمران خان سے رابطہ کرنے میں ناکامی کے بارے میں شکوہ کیا کیونکہ واشنگٹن نے طالبان کا قبضہ روکنے میں مدد مانگی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ واشنگٹن کی جانب سے سرد مہری اس وقت سامنے آئی جب طالبان نے افغانستان کے مختلف حصوں پر قبضہ کر لیا۔

اخبار کے مطابق اگرچہ معید یوسف نے آپشنز کی تفصیل نہیں بتائی لیکن پاکستان نے اپنے پڑوسی ملک چین کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کیے ہیں، جس نے اپنے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں میں اربوں کی سرمایہ کاری کی ہے۔

جو بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ اب بھی کئی عالمی رہنماؤں سے امریکی صدر جو بائیڈن ذاتی طور پر بات نہیں کر سکے ہیں، وہ وقت آنے پر وزیر اعظم عمران خان سے بات کریں گے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں مقیم پاکستانی ’افغانستان صورتحال‘ کے پیش نظر تعلقات مستحکم کرنے کیلئے کوشاں

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پاکستان پر ’جھوٹ اور دھوکا دہی کے سوا کچھ نہیں‘ کا الزام لگانے کے بعد پاکستان کی 2 ارب ڈالر کی سیکیورٹی امداد ختم کردی تھی۔

معید یوسف اور ان کے امریکی ہم منصب جیک سلیوان کے مابین گزشتہ ہفتے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے ایک ذرائع نے ایف ٹی کو بتایا کہ افغانستان کے بارے میں بات چیت مشکل تھی لیکن سیاسی تصفیہ حاصل کرنے سے امریکا ۔ پاکستان تعلقات کو ڈرامائی انداز میں بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Zahoor Hussain Aug 05, 2021 05:31pm
ایک بندہ ہر روز چھٹی کر کے گھر پہنچتا تو اپنی بیوی کو کہتا کھانا گرم کر کے لاؤ ورنہ یہ کیفیت کچھ دن جاری رہی تو اس کی بیوی نے محلے کی ایک سیانی عورت کو سارا ماجرا سنایا تو اس نے کہا آج شام کو اگر تمہارا میاں یہ بات کہے تو تنک کے پوچھنا ورنہ کیا کر لو گے شام کو اس بندے نے ورنہ والا سبق دہرایا تو اس کی بیوی نے ذرا غصے سے پوچھا ورنہ کیا کر لو گے تو بڑا معصوم بن کر اس نے کہا ورنہ ٹھنڈا ہی کھا لوں گا اگر امریکہ نے پاکستان کے ساتھ تعاون نہ کیا تو ہمارے پاس اور بھی آپشن ہیں معید یوسف ہا ہا ہا ہا ہا ہا ہا ہا ہا یہ منہ اور مسور کی دال