کے پی ایل: افتتاحی میچ میں راولاکوٹ نے میرپور کو شکست دے دی

07 اگست 2021
راولاکوٹ کے زمان خان، آصف آفریدی اور شاہد آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: راولاکوٹ ہاکس ٹوئٹر
راولاکوٹ کے زمان خان، آصف آفریدی اور شاہد آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: راولاکوٹ ہاکس ٹوئٹر

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے پہلے میچ میں راولاکوٹ ہاکس نے میرپور رائلز کو 43 رنز سے ہرا دیا۔

مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میرپور نے ٹاس جیت کر راولاکوٹ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز بسمہ اللہ خان اور احمد شہزاد نے شاندار آغاز فراہم کیا اور بالترتیب 59 اور 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔

ایک وقت میں راولاکوٹ 200 سے زیادہ اسکور کرتی نظر آرہی تھی لیکن بسمہ اللہ خان اور احمد شہزاد کے بعد آنے والے کھلاڑی زیادہ اسکور نہ کر سکے اور ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی 5 گیندوں میں 16 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

میرپور کے عماد بٹ نے 3، سلمان ارشاد نے 2 جبکہ خوشدل شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا رنگارنگ افتتاح

ہدف کے تعاقب میں میرپور کا آغاز اچھا نہ تھا اور اوپنر ابتسام الحق اور محمد طحہٰ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر کپتان و تجربہ کار شعیب ملک نے ٹیم کو فتح دلانے کی ذمہ داری لی، لیکن 50 گیندوں میں شاندار 74 رنز بنا کر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

ان کے علاوہ میرپور رائلز کے صرف 3 کھلاڑی دوہرے ہندسے میں اسکور کر پائے۔

وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے کے باعث میرپور کے رنز بنانے کی رفتار تیز نہ ہو سکی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 151 رنز بنا سکی۔

یوں راولاکوٹ ہاکس نے پہلے میچ میں 43 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

راولاکوٹ کے زمان خان، آصف آفریدی اور شاہد آفریدی نے 2،2 جبکہ عثمان شنواری اور وقاص مقصود نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار بلے بازی پر بسمہ اللہ خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں