آپ اس وقت ہارتے ہیں جب آپ کوشش ترک کردیتے ہیں، وزیراعظم کا نوجوانوں کیلئے پیغام

اپ ڈیٹ 08 اگست 2021
عمران خان نے نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو شیئر کی—فائل فوٹو: فیس بک
عمران خان نے نوجوانوں کے لیے خصوصی ویڈیو شیئر کی—فائل فوٹو: فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لیے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'آپ اس وقت ہارتے ہیں جب آپ کوشش ترک کردیتے ہیں'۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان جہاں ماہانہ بنیادوں پر نوجوانوں کو مطالعے کے لیے کتابیں تجویز کرتے ہیں، وہیں عام لوگوں اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے ویڈیو پیغامات بھی وقتاً فوقتاً جاری کرتے ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سے نوجوانوں کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جسے اولمپک کا بہترین کم بیک قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: 'گر کر سنبھلنے والا ہی کامیاب ہوتا ہے'، عمران خان کا نوجوانوں کو پیغام

ایک منٹ کے دورانیے پر مشتمل اس ویڈیو میں ایک خاتون ایتھلیٹ کو گر کر اٹھتے اور پھر ریس میں پہلے نمبر پر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے پاکستانی نوجوان یہ دوڑ دیکھیں اور اس میں سے وہ اہم ترین سبق حاصل کریں جو کھیل نے مجھے سکھایا ہے کہ 'آپ تب ہارتے ہیں جب آپ کوشش ترک کردیتے ہیں'۔

وزیراعظم کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو رواں برس ہونے والے اولمپکس مقابلوں کی ہے جس میں ڈچ ایتھلیٹ سیفان حسن نے انتہائی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق 2 اگست کو ہونے والے مقابلے میں، 1500 میٹر کی فور لیپ ریس کے فائنل لیپ میں نیدرلینڈ کی ایتھلیٹ گرگئی تھیں، تاہم وہ اٹھ کر کھڑی ہوئیں اور ہمت پکڑتے ہوئے دوبارہ دوڑنا شروع کیا۔

فائنل لیپ شروع ہونے پر وہ 13 کھلاڑیوں میں 11ویں نمبر پر تھیں اور گرنے کے 35 سیکنڈز کے اندر وہ چھٹے نمبر پر آگئی تھیں اور پھر وہ اس ریس میں پہلے نمبر آگئی تھیں۔

اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں وزیر اعظم عمران خان 'انسپائریشنل' نامی ویڈیو سلسلے کے تحت نوجوانوں کے لیے ویڈیو جاری کی تھی جس میں ان کے ایک خطاب سے لی گئی تقریر کو شامل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا قرنطینہ کے دوران نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام

ویڈیو میں جہاں عمران خان کی پرانی تقریر کا حصہ شامل کیا گیا تھا، وہیں ویڈیو میں دیگر حوصلہ و ہمت بڑھانے والے مناظر کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

دو منٹ سے بھی کم دورانیے کی ویڈیو میں عمران خان اپنے خطاب میں کہتے سنائی دیے تھے کہ 'جس نے بھی زندگی میں جتنی اونچائی پر جانے کا سوچا ہے، وہ زندگی سے اس کی امید بھی رکھیں کہ وہ اتنی اونچائی سے نیچے بھی گریں گے'۔

خطاب میں وہ کہتے سنائی دیے تھے کہ 'زندگی ایک سائیکل کی طرح ہے جو کبھی بھی سیدھی نہیں چلتی'۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی عوام کو ایک اور تاریخی کتاب پڑھنے کی تجویز

وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'زندگی میں جو بھی مسائل، پریشانیاں یا مایوسیاں آتی ہیں وہ زندگی کو سکھانے اور بہتر بنانے کے لیے آتی ہیں'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'جو لوگ زندگی کے بُرے وقت سے مایوس ہوکر سنبھلتے ہیں تو ان کے آگے جانے کی رفتار تیز ہوجاتی ہے اور پھر انہیں کوئی بھی پریشانی یا مسئلہ پیچھے نہیں کر پاتا'۔

وزیر اعظم نے ویڈیو میں کہا تھا کہ 'جب کوئی شخص گر کر سنبھلتا ہے اور کھڑا ہوکر دوبارہ محنت شروع کرتا ہے تو وہ پہلے سے زیادہ کامیاب ہوجاتا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں