ملک میں ہجری سال 1443 کے پہلے مہینے محرم الحرام کا چاند نظر آگیا اور یوم عاشور 19 اگست کو ہوگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں ہوا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے اور یوم عاشور 19 اگست جمعرات کو ہوگا۔

مزید پڑھیں: سندھ: کووڈ-19 سے متعلق نئے احکامات، ضلعی انتظامیہ کو لاک ڈاؤن کا اختیار دے دیا گیا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق یکم محرم الحرام 1443 ہجری منگل 10 اگست کو ہوگا اور یوم عاشور (10 محرم) جمعرات 19 اگست کو ہوگا۔

بعد ازاں وزارت مذہبی امور نے محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ محرم الحرام 1443 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس کچہری روڈ کوئٹہ میں واقع ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ہوا، جس میں بڑی تعداد میں علمائے کرام اور حکومتی عہدیداروں نے شرکت کی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پاکستان بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوئے۔

محرم الحرام کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وحدت المسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ محرم کے لیے حکومتی انتظامات تاحال نظر نہیں آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ نواسہ رسول کے ان ایام کو باوقار طریقے میں منایا جائے، عزاداری کی عبادات بہترین اور پرامن طریقے سے انجام دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزا داروں کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں اور امام بارگاہوں میں ویکسینیشن کا بھی انتظام کیا جائے گا.

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی حکومت نے سندھ میں جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے 9 اگست سے 31 اگست تک کووڈ-19 سے متعلق نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کا اعلان کردیا تھا اور تقریبات کھلے مقامات پر کرنے اور مخصوص تعداد کی شرکت کی شرط رکھی ہے.

حکومتِ سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مارکیٹیں اور کاروبار رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم طبی مراکز، ویکسینیشن سینٹرز، پیٹرول پمپ اور تندور سمیت دیگر اہم دکانیں بدستور کھلی رہیں گی۔

صوبائی حکومت نے کہا کہ انڈور کھانے پر بدستور پابندی ہوگی جبکہ کھلے مقام میں رات 10 بجے تک، کھانا ساتھ لے جانے اور ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلوں کی روشنی میں جمعہ اور اتوار کو مکمل پابندی ہوگی، شادی کی تقریبات انڈور کرنے پر پابندی ہوگی تاہم رات 10 بجے تک 300 مہمانوں کے ساتھ کھلے مقام پر شادی کی تقریب کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ مزارات اور سنیما بدستور بند رہیں گے، دفاتر اور عوامی ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رہے گی اور ضلعی انتظامیہ رسک کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن لگا سکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں