کیا ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے جا رہی ہیں؟

اپ ڈیٹ 10 اگست 2021
اداکارہ نے تاحال اس حوالے سے وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ آئی ایس پی آر
اداکارہ نے تاحال اس حوالے سے وضاحت نہیں کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ آئی ایس پی آر

خبریں ہیں کہ پاکستان کی 'سپر اسٹار' اداکارہ ماہرہ خان جلد ہی اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

ماہرہ خان ماضی میں بھی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کردہ کچھ منصوبوں میں اداکاری کرچکی ہیں لیکن اب سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش ہیں کہ وہ ایک ٹیلی فلم میں بھی اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

متعدد سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ جلد ہی ماہرہ خان آئی ایس پی آر کے تعاون سے بننے والی ایک ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

وائرل ہونے والی پوسٹس کے مطابق مذکورہ ٹیلی فلم کی شوٹنگ راولپنڈی میں آرمی میڈیکل کالج میں جاری ہے اور ماہرہ خان بھی اس کا حصہ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان، 'نگار جوہر خان' نامی ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کے کردار میں نظر آئیں گی۔

اگرچہ متعدد سوشل میڈیا پیجز اور شوبز ویب سائٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ماہرہ خان جلد ہی آئی ایس پی آر کی معاونت سے بننے والی ٹیلی فلم میں فوجی خاتون افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

تاہم اس حوالے سے کسی مستند ذریعے کا حوالہ نہیں دیا گیا اور آئی ایس پی آر یا اداکارہ نے بھی تاحال اس پر کوئی بات نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: نگار جوہر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل

مذکورہ خبریں اس وقت گردش کرنا شروع ہوئیں جب میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے 3 روز قبل ماہرہ خان کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں ماہرہ خان کو پائلٹ کی ڈریس میں دکھایا گیا تھا۔

عمیر وقار کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں اگرچہ ماہرہ خان کو پائلٹ کے لباس میں اور جنگی جہاز اور گاڑیوں کے درمیان ایکشن کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ کسی ٹیلی فلم یا ڈرامے کا سین ہے۔

بظاہر ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو کسی اشتہار یا مہم کا حصہ ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

عمیر وقار نے ماہرہ خان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ ایک منصوبے پر کام کر رہے ہیں، جس کی ہدایات اداکار عدنان ملک دیں گے۔

تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ ماہرہ خان اور عدنان ملک کے ہمراہ کس طرح کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں لیکن ان کی جانب سے اداکارہ کو فوجی پائلٹ پر مبنی ویڈیو شیئر کرنے پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

خیال رہے کہ نگار جوہر خان کو پاک فوج میں گزشتہ برس جون میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، اس سے قبل وہ میجر جنرل کے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔

وہ مذکورہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون فوجی افسر بنی تھیں، انہیں جون 2020 میں ترقی دے کر سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کالج کی گریجویٹ ہیں اور پاک فوج میں تقریباً 3 دہائیوں پر مشتمل کیریئر میں انتظامی اور مختلف امور میں سربراہی کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس، ایڈوانسڈ میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس سی اور صحت عامہ میں ماسٹرز کررکھا ہے۔

آرمی میڈیکل کور کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر انہیں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز ملیٹری اور فاطمہ جناح گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔

نگار جوہر خان کو جون 2020 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
نگار جوہر خان کو جون 2020 میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں