لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر حملہ، ایک جوان شہید، میجر سمیت 2 زخمی

اپ ڈیٹ 15 اگست 2021
لورالائی کے علاقے شاہ رِگ کے قریب دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا — فائل فوٹو
لورالائی کے علاقے شاہ رِگ کے قریب دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا — فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع لورالائی کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور میجر سمیت 2 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لورالائی کے علاقے شاہ رِگ کے قریب دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیا۔

ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تاہم دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نائیک شریف نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ میجر قاسم اور ایک جوان زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو علاج کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید، ایک دہشت گرد ہلاک

وزیر داخلہ کا اظہار مذمت

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بلوچستان میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید نائیک شریف کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف سی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے تاہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

مزید پڑھیں: وزیرستان: دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں مشتبہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 31 جولائی کو خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں